جموں //جموں میں ضلع انتظامیہ نے 29 ریستوران ، تجارتی ڈھانچے اور سڑک کے قریب مختلف محکموں سے سرکاری اراضی پر قائم دیگر تعمیرات کو بند کرنے کا حکم دیا ہے ۔ جموں سرینگر شاہراہ پر نروال بائی پاس سڑک سے سدھرہ کے درمیان مختلف ریستوراں اور روڈ سائیڈ ایٹرییز نوجوانوں کیلئے مشہور مقام بن چکے تھے۔جموں ضلع انتظامیہ نے بتایا کہ نروال سے سدھڑا تک قومی شاہراہ کے ساتھ ساتھ سرکاری اراضی پر تعمیر کئے گئے 29 ڈھانچوں کو سیل بند کیا ۔ اس ضمن میں ضلع انتظامیہ کے ایک بیان کے مطابق اس سڑک پر تعمیر کئے گئے دیگر تجارتی ادارے جو سرکاری اراضی پر تعمیر نہیں کئے گئے ہیں معمول کے مطابق اپنا کام کر رہے ہیں ۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ محکمہ مال کے افسران اس ضمن میں فوری طور کاروائی شروع کریں گے اور اگر ان تجارتی اداروں کے مالکان کے پاس کوئی قانونی دعوا موجود ہے اُس پر بھی کاروائی سے پہلے غور کیا جائے گا ۔ جموں کے ڈپٹی کمشنر ، سشما چوہان نے بتایا کہ تقریبا 29 ڈھانچے بند کرنے کا حکم دیا ہے جو نروال سے سدھڑا تک سرکاری اراضی پر تعمیر کئے گے تھے ۔ڈی سی جموں نے کہا ’’ہمیں شکایات موصول ہوئی تھیں کہ اختتام ہفتہ کے دوران دس کلومیٹر لمبائی میں خاص طور پر گاڑی سڑک کے کنارے کھڑی رہتی ہے اور وہ شاہراہ کے آدھے حصے کو روک دیتے ہیں۔