جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ جائز عوامی خواہش ،بحالی کیلئے کوششیں جاری :نائب وزیراعلیٰ
عظمیٰ نیوزسروس
راجوری// جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے کہا ہے کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے تقریباً ڈیڑھ سال کے عرصے میں شفاف، عوام دوست اور جامع طرزِ حکمرانی کے عزم کے ساتھ کام کیا ہے، حالانکہ حکومت یونین ٹیریٹری کے محدود اختیارات اور مکمل ریاستی درجہ کی عدم بحالی کے باوجود کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انتخابی منشور میں عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کی ہیں اور جموں و کشمیر کی طویل مدتی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی ہے۔راجوری ضلع کے دلہوری (ڈھانگری) اور تھنہ منڈی میں منعقدہ دو بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے جموں و کشمیر بھر میں سڑکوں، پلوں، سکولوں، ہسپتالوں، پینے کے پانی کی سکیموں، آبپاشی کی سہولیات اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو تیز کیا ہے۔سریندر چودھری نے کہا کہ حکومت نے مساوی ترقی کو ترجیح دی ہے تاکہ جموں صوبے کے سرحدی، پہاڑی اور کنڈی علاقوں سمیت کوئی بھی خطہ ترقی سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں پیر پنچال خطہ ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سات برس بعد ایک منتخب حکومت نے دو بجٹ پیش کیے جن میں روزگار کے مواقع، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، خواتین کی فلاح و بہبود، زراعت، سیاحت، تعلیم، صحت، ڈیجیٹل گورننس اور سماجی تحفظ کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس کے علاوہ شفافیت، عوامی خدمات کی فراہمی اور مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لئے اصلاحات بھی شروع کی گئی ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمر عبداللہ حکومت مسلسل جموں و کشمیر کے مکمل ریاستی درجہ کی بحالی کے لئے آواز اٹھا رہی ہے کیونکہ یہ یہاں کے عوام کی جائز جمہوری خواہش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین ٹیریٹری کے آئینی اور انتظامی تقاضوں کے باوجود حکومت پوری دیانتداری اور جوابدہی کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہی ہے۔انہوں نے دونوں عوامی اجتماعات میں یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل اور مطالبات کو مرحلہ وار پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے بعض سڑکوں اور پلوں کی تعمیر اور سڑکوں کی بلیک ٹاپنگ کے اعلانات بھی کیے۔اس موقع پر نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر رتن لال گپتا نے کہا کہ عمر عبداللہ حکومت کی کامیابیوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو پریشان کر دیا ہے اور وہ عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کو ہضم نہیں کر پا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ترقی میں تعاون کرنے کے بجائے بی جے پی بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہی ہے تاکہ اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹائی جا سکے۔رتن لال گپتا نے کہا کہ عمر عبداللہ حکومت اپنی آئینی مدت کے پانچ سال مکمل کرے گی اور عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کرے گی۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن، ترقی، سماجی انصاف اور جمہوری حقوق کی بحالی کے مشن میں حکومت کا ساتھ دیتے رہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ جموں و کشمیر کی بہتری اور عوامی مفاد کے لیے مودی حکومت کو فوری طور پر ریاستی درجہ بحال کرنا چاہیے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ وہ آئندہ پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں ابھی سے سرگرم ہو جائیں۔