ایک دہائی کے دوران تیسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت درج
بلال فرقانی
سرینگر//سرینگر میں ہفتہ کو موسم کا سب سے گرم ترین دن دیکھا گیا جب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.9 ڈگری سیلسیس تک بڑھ گیا،جبکہ جموں میں کشمیر سے کم 35ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ اس موسم گرما میں سرینگر میں یہ اب تک ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ دن کا درجہ حرارت ہے۔ ہیٹ ویو جیسی موجودہ صورتحال نے لوگوں کو دوپہر کے اوقات میں گھر کے اندر رہنے پر مجبور کیا، جب کہ پارکوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر چلچلاتی موسم کی وجہ سے سرگرمیاں کم ہوئیں۔ کشمیر میں شدید گرمی کی لہر ہفتہ کو مسلسل تیسرے روز بھی برقرار رہی، جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ ایک دہائی (2016-2025) کے دوران جولائی کے مہینے میںتیسرا بلند ترین درجہ حرارت ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں صرف 6 جولائی 2025 کو 37.4 ڈگری سیلسیس اور 29 جولائی 2024 کو 36.2 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جو ہفتہ کے درجہ حرارت سے زیادہ ہے۔
گزشتہ دس برسوں میں جولائی کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 2025 میں 37.4ڈگری، 2024میں 36.2ڈگری، 2021 میں 35.0ڈگری، 2022میں 34.0ڈگری، 2020میں 34.0ڈگری، 2016میں34.0ڈگری، 2023میں 33.1ڈگری، 2019میں 33.6ڈگری، 2018میں 32.7ڈگری اور 2017میں 33.1ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اس طرح ہفتہ کو ریکارڈ ہونے والا 35.9ڈگری سیلسیس گزشتہ دس برسوں میں تیسرا بلند ترین درجہ حرارت ہے۔اعداد و شمار کے مطابق سرینگر میں جولائی کا ہمہ وقت بلند ترین درجہ حرارت 38.3 ڈگری سیلسیس 10 جولائی 1946 کو ریکارڈ کیا گیا تھا، جو آج بھی ایک ریکارڈ ہے۔ تاہم گزشتہ برس 6جولائی کو ریکارڈ ہونے والا 37.4ڈگری سیلسیس گزشتہ تقریباً 80 برسوں کے دوران اس ریکارڈ کے سب سے قریب پہنچنے والا درجہ حرارت رہا۔شدید گرمی کے باعث وادی کے بیشتر علاقوں میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوپہر کے اوقات میں بازاروں اور سڑکوں پر معمول سے کم چہل پہل دیکھنے میں آئی جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور پانی کی قلت نے لوگوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا۔ بزرگ، بچے، بیمار افراد اور روزانہ مزدوری کرنے والے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔طبی ماہرین نے شہریوں کو دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور باہر نکلنے سے گریز کرنے، زیادہ پانی پینے، ہلکی غذا استعمال کرنے اور دھوپ سے بچائو کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
۔19 سے 23 جولائی تک بھاری بارشیں متوقع
۔19 سے 23 جولائی تک بھاری بارشیں متوقع
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز جموں و کشمیر کے خطرناک علاقوں میں ممکنہ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے اور پتھرگرنے کے بارے میں خبردار کیا ہے اور 19 جولائی سے 23 جولائی تک خطہ توسیع شدہ بارشی موسم سے متاثر ہونے کی توقع ہے۔کشمیر کے صوبائی کمشنر کو بھجی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ موسمی نظام موسلا دھار بارشوں، بادل پھٹنے جیسے واقعات اور بڑے دریائوں اور ندی نالوں کے پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ “اس مدت کے دوران جموں اور کشمیر میں وسیع پیمانے پر درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، کشمیر میں 21 جولائی سے 23 جولائی تک الگ تھلگ مقامات پر بھاری بارشوں کا امکان ہے۔”جموں ڈویژن میں 20 جولائی اور 23 جولائی کے درمیان بکھرے ہوئے مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، ریاسی اور ادھم پور اضلاع میں الگ تھلگ مقامات پر انتہائی موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے نمی کے داخل ہونے کے ساتھ ساتھ مانسون کی گرت کے مغربی سرے کے جموں کی طرف شمال کی طرف بڑھنے کی وجہ سے موسمی سرگرمی متوقع ہے۔محکمہ نے پیر پنجال رینج، جموں ڈویژن میں وادی چناب اور کشمیر کے اونچی علاقوں کو غیر محفوظ علاقوں کے طور پر شناخت کیا۔کشمیر میں خطرے میں رہنے والے علاقوں میں اننت ناگ، پہلگام، کولگام، شوپیان، پیر کی گلی، گلمرگ، سونمرگ-زوجیلا محور، بانڈی پورہ-رازدان پاس اور کپوارہ کاسادھنا پاس شامل ہیں۔آئی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ جموں سری نگر قومی شاہراہ اور درمیانی اور اونچی رسائی کے دیگر بڑے راستوں سمیت سڑک کے رابطے متاثر ہو سکتے ہیں۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ “اونچی رسائی والے لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ لینڈ سلائیڈ کے شکار علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔”محکمہ نے ندی نالوں کے پانی کی سطح میں ممکنہ اضافے کے ساتھ ساتھ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور معمولی سیلاب کے امکانات سے بھی خبردار کیا ہے۔
خراب موسم کی پیش گوئی
یاترا معطل رہے گی
یاترا معطل رہے گی
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری موسم کی خراب پیش گوئی کے پیش نظر، امرناتھ یاترا کو پہلگام اور بالتل دونوں راستوں سے 19جولائیسے عارضی طور پر معطل رکھا جائے گا تاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈویژنل کمشنر کشمیر انشول گرگ نے کہا”اگلے چند دنوں میں خراب موسم کی پیش گوئی کے پیش نظر اور یاتریوں کی حفاظت اور بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے، امرناتھ یاترا 19جولائی سے پہلگام اور بالتل دونوں راستوں سے عارضی طور پر معطل رہے گی۔ 19 جولائی کو یاترا کے دوبارہ شروع ہونے کے بارے میں اپ ڈیٹس وقت کے ساتھ جاری کیے جائیں گے جس کے بعد راستے کی حفاظت اور موسمی حالات کا جامع جائزہ لیا جائے گا”۔