گول// سب ڈویژن گول کا سب سے پُرانی لنک روڈ آج بھی خستہ حالت میں ہے ۔ بلند خان کے دور میں گھوڑا گلی سے داچھن کی طرف ایک لنک سڑک بنائی گئی تھی جو صرف دوکلو میٹر تک پہلے تعمیر ہوئی اور بعد میں اس کو پانچ کلو میٹر داچھن زیرو پوائنٹ تک لیا گیا ،جس پر محکمہ تعمیرات عامہ کام کر رہاہے ،لیکن یہ سڑک محکمہ تعمیرات عامہ کیلئے سونے کے انڈے دینے والی مرغی بنی ہوئی ہے ۔ہر سال لاکھوں روپے سڑک کی بہتری کیلئے خزانہ عامرہ سے نکالے جاتے ہیں لیکن اس کی حالت ابھی تک بہتر نہیں ہوئی ۔ زیرو پوائنٹ سے آگے پی ایم جی ایس وائی کے تحت ڈھیڈہ تک یہ سڑک ہے جو قدرے بہتر ہے ،لیکن زیرو پوائنٹ سے ششل کی طرف محکمہ تعمیرات عامہ اس سڑک کی حالت کو بدلنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال محکمہ تعمیرات عامہ لاکھوں روپے اس سڑک کی بہتر کیلئے نکالتا ہے لیکن اس کی حالت کبھی بہتر ہی نہیں بنی ۔ ہر موسم میں یہ سڑک ناکارہ بنی رہتی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اس سڑک پر تارکول ڈالا گیا جو چھ ماہ میں ہی اکھڑ گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی رکھ رکھائو کیلئے مزدور بھی رکھے ہیں لیکن وہ بھی ایک سال سے غائب ہیں جس کی وجہ سے سڑک کھنڈرات کی شکل اختیار کر رہی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سڑک ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کوملاتی ہے جس میں داچھن ، ڈھیڈہ ، اندھ ، ششل ، وغیرہ شامل ہیں، لیکن یہاں کی آبادی کو اس خستہ حال سڑک کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی مرتبہ سڑک کی بہتری کیلئے محکمہ اور انتظامیہ سے استدعا کی لیکن اس کی طرف کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی حالت کو بہتر بنا کر لوگوں کی پریشانیوں کو دور کیا جائے۔