نوجوانوں کو منشیات کے خطرے سے بچانے کیلئے متحدہ جدوجہد کرنے پر زور
عظمیٰ نیوزسروس
راجوری// منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو دہراتے ہوئے جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے نوشہرہ میں منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر منعقدہ ایک بڑے انسدادِ منشیات مہم کی قیادت کی۔ضلع انتظامیہ راجوری کی مجموعی نگرانی میں محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے سب ڈویڑنل ہیڈکوارٹر نوشہرہ میں واکاتھون، دستخطی مہم اور منشیات مخالف حلف برداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا تاکہ منشیات کے استعمال کے خلاف سماجی عزم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کی ذمہ داری پورے معاشرے پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے والدین کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنی چاہیے تاکہ وہ اس مہلک لعنت کا شکار نہ ہوں۔سریندر کمار چودھری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے عادی افراد کی نشاندہی میں انتظامیہ کا تعاون کریں تاکہ انہیں بروقت علاج اور بازآبادکاری کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے لوگوں سے منشیات فروشوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی بھی اپیل کی تاکہ نوجوان نسل کو تباہی کے راستے پر دھکیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ ڈاکٹر پریتم لال تھاپا نے بھی خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے متاثرین کو علاج کے ذریعے دوبارہ معاشرے کے دھارے میں لانے کے لیے انتظامیہ کا مکمل تعاون کریں اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی نشاندہی کریں۔واکاتھون کا آغاز نائب وزیر اعلیٰ نے پی ڈبلیو ڈی ڈاک بنگلہ نوشہرہ سے کیا، جو تحصیل آفس نوشہرہ پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس پروگرام میں 500 سے زائد افراد، جن میں طلبہ، سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندے اور مقامی شہری شامل تھے، نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔