سرینگر // بھدرواہ کے جنگلات میںآگ کی ایک واردات میں سینکڑوں کی تعداد میں درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئے ہیں ۔لوگوں نے بتایا رواں موسم میں متعدد بار علاقے کے جنگلات میں آگ کی وارداتیں رونما ہوئی ہیں ۔علاقے میں جنگلات کے ختم ہونے پر مقامی لوگوں نے زبردست برہمی کا اظہار کیا ہے ۔کشمیر نیوز سروس( کے این ایس) کے مطابق جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میںکے کہلاڑ رینج میں ہر ماہ جنگلات میں آگ کی واردات رونما ہونے کی وجہ سے جنگل کے ایک بڑے حصے میں سرسبز دیودار و دیگر پیڑ جل کر خاکستر ہو رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایاگزشتہ شب کمپارٹمنٹ چار فارسٹ رینج بھدرواہ کے بھالہ علاقہ میں جنگل کے ایک وسیع حصے میں آگ کی واردات رونما ہوئی جس وجہ سے وہاں سینکڑوں کی تعداد میں پیڑ پودے جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے۔اس موقع پر آگ کو بجھانے کیلئے محکمہ جنگلات کے عملہ نے گاؤں والوں کے ساتھ مل کر ہر ممکن کوشش کی لیکن دیر رات تک وہ آگ پر قابو نہیں پا سکے جس دوران آگ نے پورے علاقہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔مقامی لوگوں نے بتایا علاقے پر پھیلے جنگلات کا دائرہ آہستہ آہستہ ختم ہوتا جا رہا ہے۔