نعت رسول مقبول ؐ
قلم اٹھتا ہے جب بھی محمد ؐکی ثنا میں
بکھر جاتی ہے ہر سو مہک سی اک فضا میں
فضاؤںمیں چمک اٹھتے ہیں کیا جلوے نوری
لبوں سے کرتا ہوں یا محمد ؐ جب ادا میں
خزاں میں بھی گذر ہو تو وہ کردے بہاراں
ہے وہ تاثیر شاہِ مدینہ کی صبا میں
مجسم نور ہیں آپؐ ایسے دو جہاں میں
نہیں پر تو نبی کا کسی رنگ و ضیا میں
کفِ پا میں ہیں جن کے خزانے دو جہاں کے
جمالِ سادگی ہے دریدہ سی قبا میں
کسی درد و الم میں طبیبِ درد کیوں لوں
کہ جب وردِ محمدؐ سے پاتا ہوں شفا میں
معینؔ آ تے رہیں کفر کے طوفاں یہاں لاکھ
کروں نامِ محمدؐ نہ اس دل سے جدا میں
معین فخر معین
موبائل نمبر؛03443837244
نعت
کیا رنگ لائی دیکھئے محنت ہے آپ کی
دنیا کے گوشے گوشے میں اُمت ہے آپ کی
کوڑا جو پھینکتی رہی روزانہ آپ پر
اس بوڑھی کے لئے بھی عیادت ہے آپ کی
مکہ کو فتح کر کے بھی بدلہ نہیں لیا
اُن دشمنوں پہ اب بھی عنایت ہے آپ کی
کچھ مومنوں کے سامنے مشرک نہ ٹک سکے
کیا جنگِ بدر میں یہ قیادت ہے آپ کی
سوزن میں دھاگے پڑ گئے ظلمت کے وقت بھی
اس درجہ نور سے بھری صورت ہے آپ کی،
طائف کے ظالموں کو بھی کر دیتے ہیں معاف
کیا سرورِ جہانؐ شرافت ہے آپ کی
ہرگز نہ کرنا تم قضا اپنی نماز کو
اے مومنو یہ ہم کو ہدایت ہے آپ کی
جیسے گلاب ہوتا ہے پھولوں کے درمیاں
سب انبیاءؑ میں ایسی ہی عظمت ہے آپ کی
ارون شرما صاحبابادی
پٹیل نگر ،غازی آباد اُتر پردیش
ماہ رمضان الوداع
الوداع اے ماہِ رحمت الوداع
اے مہِ لطف و عنایت الوداع
تیری برکت کا سماں ہر سُو رہا
دل کو ملتی تھی سکونت الوداع
رات بھر سجدوں کی شیریں داستاں
اشکِ دل کی وہ حرارت الوداع
ہر طرف قرآن کی میٹھی صدا
وہ تلاوت کی حلاوت الوداع
تیری برکت سے منور تھا یہ دل
رب کی ملتی تھی عنایت الوداع
ہر بشر پر تھی تری رحمت عیاں
تیری رحمت کی عنایت الوداع
جا رہا ہے تو مگر دل کہہ اُٹھا
پھر ملے گی یہ سعادت الوداع
رب کرے ہم پھر تجھے پائیں کبھی
اے مہِ نور و ہدایت الوداع
سبدرؔ اب دل سے پکارے الوداع
اے مہِ رحمت سلامت الوداع
سبدر شبیر
اوٹو اہربل کولگام
[email protected]
نعتِ شریف
میری بھی تو سن لے صدا یا محمد ﷺ
دل ہے غموں میں گِھرا یا محمد ﷺ
ذکر میں ہے تیری شفا یا محمد ﷺ
میرے درد کی ہے دوا یا محمد ﷺ
سیرت ہے تیری چراغِ ہدایت
سنت ہے تیری راہِ سعادت
تجھ سے ہے روشن جہاں یا محمدﷺ
میرے درد کی ہے دوا یا محمد ﷺ
نہیں ہے جہاں میں کوئی اُن کے جیسا
وہ ہے سب سے پیارا رب کا دلارا
پاؤں پہ تیرے میں فدا یا محمد ﷺ
میرے درد کی ہے دوا یا محمد ﷺ
ہے محشر کا منظر میں نے یوں پکارا
مجرم میں تیرا خطاؤں کا مارا
کملی میں اپنی چھپایا محمد ﷺ
میرے درد کی ہے دوا یا محمد ﷺ
ہے سائل بشارتؔ درِ مصطفیٰ کا
منتظر ہے کب سے تیرے کرم کا
شفاعت تیری ہے مدعا یا محمد ﷺ
میرے درد کی ہے دوا یا محمد ﷺ
ذکر میں ہے تیری شفا یا محمد ﷺ
میرے درد کی ہے دوا یا محمد ﷺ
میری بھی تو سن لے صدا یا محمد ﷺ
دل ہے غموں میں گھرا یا محمد ﷺ
بشارت حفیظ
سینیرلکچرر اردو،
گورمنٹ گرلز ہائیر سکینڈتی سکول بارہمولہ کشمیر
موبائل نمبر؛7006178358