عرب امارات: جائیداد کی خرید و فروخت میں اضافہ

یواین آئی

ابو ظہبی// متحدہ عرب امارات میں سنہ 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران جائیداد کی خرید و فروخت میں اضافہ دیکھا گیا، علاوہ ازیں کرائے کی شرح میں بھی اضافہ ہوا۔اردو نیوز کے مطابق عالمی کنسلٹنسی فرم سی بی آر ای کی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات کی پراپرٹی مارکیٹ میں 2023 کی پہلی سہ ماہی میں فروخت اور کرائے کی شرح میں بدستور اضافہ دیکھا گیا ہے ۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابو ظہبی اور دبئی میں پرائم آفس کی جائیدادوں میں رواں سال جنوری تا مارچ بالترتیب 19.1 فیصد اور 20.2 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔یہ اضافہ دونوں شہروں میں سال کی پہلی سہ ماہی میں اوسط کی شرح میں 90 فیصد اضافے سے ہوا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔ریکارڈ اضافے کی شرحوں کے نتیجے میں دبئی کی گریڈ اے ، بی اور سی تجارتی عماراتوں کے لیے 2023 کی پہلی سہ ماہی میں بالترتیب 20.2 فیصد، 13.5 فیصد، 18.7 فیصد اور 28.7 فیصد کا اوسط اضافہ ہوا۔دبئی نے 2023 کے پہلے تین مہینوں میں 22 ہزار 802 نئی لیز رجسٹریشنز ریکارڈ کی ہیں جو گزشتہ سال سے 60.5 فیصد زیادہ ہیں۔

 

رہائشی سیکٹر کے لحاظ سے دبئی میں 2023 کی پہلی سہ ماہی میں فروخت کے لیے جائیداد کی اوسط قیمتوں میں 12.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے ۔عالمی کنسلٹنسی فرم میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے تحقیق کے سربراہ تیمور خان نے بتایا ہے کہ یو اے ای کی ریئل اسٹیٹ مارکیٹ نے 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ڈیمانڈ کی سطح کو برقرار رکھا ہے جس سے تمام شعبوں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے ۔