عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // درہال کو ملانے والے اہم ریکی باں ملہت پل کی دونوں اطراف واقع اپروچ سڑکیں طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی، مسافروں اور گاڑی چلانے والوں کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سڑکوں پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بن چکے ہیں، جو نہ صرف آمدورفت میں رکاوٹ بن رہے ہیں بلکہ حادثات کے خطرات میں بھی اضافہ کر رہے ہیں۔سماجی کارکن مرتضیٰ مرزا نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریکی باں ملہت پل درہال کے لیے ایک اہم رابطہ پل ہے، جہاں سے روزانہ سینکڑوں چھوٹی بڑی گاڑیاں گزرتی ہیں، مگر اپروچ سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالت کے باوجود متعلقہ محکمہ نے اب تک مرمت کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا۔ مرتضیٰ مرزا نے مطالبہ کیا کہ پل کے دونوں اطراف اپروچ سڑکوں کو فوری طور پر پختہ کیا جائے اور گڑھوں کو بھر کر سڑک کو قابلِ استعمال بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ کی غفلت کے باعث عوام روزانہ اذیت برداشت کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ اس سڑک کی خراب حالت کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔” مقامی شہریوں نے بھی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ سے اپیل کی ہے کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور اپروچ سڑکوں کی مرمت کا کام بلا تاخیر شروع کیا جائے تاکہ لوگوں کو محفوظ اور سہل سفری سہولت میسر آ سکے۔