عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے کی مہم کے تحت راجوری پولیس نے درہال میں ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے ممنوعہ نفسیاتی اثر رکھنے والی ادویات (سائیکوٹروپک ٹیبلٹس) کی مبینہ سپلائی سے وابستہ ایک نیٹ ورک کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کارروائی کے دوران ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اس کے قبضے، گاڑی اور رہائش گاہ سے مجموعی طور پر 7,660 سائیکوٹروپک گولیاں اور 9 لاکھ 1 ہزار 300 روپے نقد رقم برآمد کی گئی، جسے پولیس نے منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل ہونے والی مشتبہ رقم قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس اسٹیشن درہال کی ایک ٹیم نے سیاہ رنگ کی ماروتی بریزا (رجسٹریشن نمبر JK11J-6219) کو روک کر تلاشی لی۔ گاڑی اعجاز الحق ولد امین الحق، ساکن اوجھان، تحصیل درہال، حال مقیم گجر منڈی، راجوری چلا رہا تھا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کی ذاتی تلاشی کے دوران ٹراماڈول کی دو پٹیاں (20 گولیاں) اور ٹیپینٹاڈول کی دس پٹیاں (100 گولیاں) برآمد ہوئیں۔ اس بنیاد پر پولیس اسٹیشن درہال میں ایف آئی آر نمبر 52/2026 زیر دفعات 8، 21، 22 اور 25 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کی گئی۔بعد ازاں ایگزیکٹو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کی موجودگی میں گاڑی کی تلاشی کے دوران پریگابالین کی 120 پٹیاں (1,200 گولیاں)، ٹیپینٹاڈول کی 60 پٹیاں (600 گولیاں) اور 57 ہزار 500 روپے نقد برآمد کیے گئے۔پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے مزید ممنوعہ ادویات گجر منڈی، راجوری میں واقع اپنی رہائش گاہ پر چھپا رکھی ہیں۔ اس اطلاع پر ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی نگرانی میں گھر کی تلاشی لی گئی، جہاں سے ٹیپینٹاڈول کی 534 پٹیاں (5,340 گولیاں)، پریگابالین کی 40 پٹیاں (400 گولیاں) اور 8 لاکھ 43 ہزار 800 روپے نقد برآمد ہوئے۔پولیس کے مطابق مجموعی طور پر پریگابالین کی 1,600، ٹیپینٹاڈول کی 6,040 اور ٹراماڈول کی 20 گولیاں، یعنی 766 پٹیوں پر مشتمل 7,660 سائیکوٹروپک گولیاں ضبط کی گئیں۔راجوری پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں تاکہ ممنوعہ ادویات کی سپلائی کے اصل ذرائع، اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد اور منشیات کی اسمگلنگ کے پورے سلسلے کو بے نقاب کیا جا سکے۔