انتظامیہ الرٹ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//محکمہ موسمیات ہندکی پیش گوئی کے عین مطابق ہفتہ کی شام راجوری اور پونچھ اضلاع میں درمیانی سے شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے گرمی اور حبس میں نمایاں کمی آئی، تاہم کئی نشیبی علاقوں میں ناقص نکاسی آب کے باعث پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سرحدی اضلاع کے بیشتر علاقوں میں رات گئے تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، جبکہ متعدد سڑکیں زیر آب آنے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔مقامی لوگوں کے مطابق ہفتہ کی شام شروع ہونے والی بارش ابتدا میں درمیانی شدت کی تھی، تاہم بعض علاقوں میں بعد ازاں موسلا دھار بارش ہوئی۔ مسلسل بارش کے باعث شہری اور نیم شہری علاقوں کی متعدد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، جس سے پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ بعض بازاروں اور رہائشی علاقوں میں بھی نکاسی آب کا نظام بارش کے پانی کا دباؤ برداشت نہ کر سکا، جس کے نتیجے میں پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہوگیا۔دوسری جانب خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر ضلع راجوری کی انتظامیہ نے ممکنہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے ضلع کے ریونیو افسران کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا، جس میں موجودہ موسمی صورتحال، ممکنہ خطرات اور ہنگامی ردعمل کے انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایت دی کہ وہ مکمل چوکسی اختیار کریں اور شدید بارش، اچانک آنے والے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ یا کسی بھی دیگر موسمی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو تمام محکموں کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے، ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو ہمہ وقت تیار رکھنے، حساس اور خطرے سے دوچار مقامات کی مسلسل نگرانی کرنے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والی موسمی وارننگز اور مشوروں کو بروقت عوام تک پہنچانے کی ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی بھی موسمی حادثے یا نقصان کی فوری اطلاع ضلعی انتظامیہ تک پہنچائی جائے تاکہ ضروری خدمات کی جلد بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے تمام سب ڈویژنل اور تحصیل سطح کے افسران کو اپنی اپنی حدود میں موجود رہنے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے تمام طے شدہ ضابطوں پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں میں خصوصی نگرانی رکھی جائے اور اگر کہیں لینڈ سلائیڈنگ، درخت گرنے، سڑک بند ہونے یا ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے جیسے حالات پیدا ہوں تو فوری طور پر متعلقہ محکموں کو متحرک کیا جائے تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات پیش آئیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کالاکوٹ تنویراحمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سندربنی رامکیش شرما، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ پریتم لال تھاپا، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد جہانگیر خان، سب ڈویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی عابد حسین سمیت ضلع کے تمام تحصیلداروں نے شرکت کی۔