محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے سرحدی و پہاڑی علاقے اڑائی ٹاپ میں جنگلی جانوروں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے پیشِ نظر محکمہ جنگلی حیات نے ایک جامع آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا، جس میں مقامی آبادی کو اپنی جان و مال اور مویشیوں کے تحفظ سے متعلق اہم ہدایات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔ محکمہ کے ماہرین نے شرکاء کو جنگلی جانوروں کی موجودگی کی صورت میں اختیار کیے جانے والے حفاظتی اقدامات سے تفصیل سے روشناس کرایا، جبکہ عوام میں ضروری حفاظتی سامان بھی تقسیم کیا گیا۔گزشتہ کئی روز سے آرائی ٹاپ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں جنگلی جانوروں کے مسلسل حملوں کے باعث لوگوں میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا تھا۔ متعدد مویشی ہلاک یا زخمی ہوئے، جبکہ انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق رہے۔ ایسے حالات میں محکمہ جنگلی حیات کی بروقت آمد اور متاثرہ علاقوں کا دورہ عوام کے لیے امید اور اطمینان کا باعث بنا۔
اس موقع پر مقامی باشندوں نے ذرائع ابلاغ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے مسلسل اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے ان کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا، جس کے نتیجے میں متعلقہ حکام نے فوری نوٹس لیا اور عملی اقدامات کیے۔ عوام کا کہنا تھا کہ اگر میڈیا ان کی آواز نہ بنتا تو شاید یہ مسئلہ اتنی جلدی متعلقہ اداروں تک نہ پہنچ پاتا۔علاقہ مکینوں نے محکمہ جنگلی حیات، ضلعی انتظامیہ، مختلف نیوز چینلز اور ان تمام افراد کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں ان کا ساتھ دیا اور ان کے مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچانے میں مثبت کردار ادا کیا۔مقامی افراد نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اگر اس نوعیت کے واقعات پیش آئے تو محکمہ جنگلی حیات اور ضلعی انتظامیہ اسی طرح فوری کارروائی کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے اس اجتماعی کوشش کو عوام، انتظامیہ اور ذمہ دار صحافت کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون کی ایک کامیاب مثال قرار دیا۔