جموں//اسمبلی میں اس وقت پیلٹ متاثرین کی گونج سنائی دی جبکہ پارلیمانی امور اور وزیر ِ مال عبدالرحمان ویرے نے ایک سوال کے جواب میں اس بات کا دعویٰ کیا کہ حکومت نے اب تک13پیلٹ متاثرین کو مختلف سر کاری محکموں میں نو کریاں فراہم کی ہیں۔انہوں نے علی محمد ڈار اور شوکت حسین گنائی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انتہائی شفقت والی بنیادوں پر ان افراد کو مختلف محکموں میں سر کاری نو کریاں فراہم کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ اسکے علاوہ مزید22پیلٹ متاثرین کو مالی معاونت فراہم کی گئی ۔انہوں نے مزید معلومات فراہم کر تے ہو ئے بتایا کہ حکو مت کی جانب سے صو بائی کمشنر کشمیر کی سر براہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو 8جو لائی 2016سے لے کر 2نومبر 2016کے در میان پیلٹ سے متاثرہ افراد میںجو جزوی یا مستقل طور پر معذور ہو ئے ہیں ان کی فہرست تیار کر ے گی اور انکی سفارشات پر ہی ایسے افراد کو مالی معاونت یا ملازمت فراہم کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ پہلے مر حلے میں تشکیل کر دہ کمیٹی نے54کیسوں کو رلیف فراہم کی سفارش کی جنہیں حکومت کی جانب سے ایکسگریشا ریلیف فراہم کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اسی طرح سے دوسرے مر حلے کے تحت 10کیسوں کی سفارش کمیٹی کی جانب سے حکومت کو بھیجی گئی اور ان پر عمل آوری سر کار کے زیر غور ہے۔