سانبہ میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس،باہمی تال میل مزید مضبوط بنانے پر زور
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// امرناتھ یاترا کو محفوظ، پُرامن اور بلا رکاوٹ بنانے کے مقصد سے ضلع سانبہ میں ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان مؤثر تال میل کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔اجلاس کی مشترکہ صدارت انسپکٹر جنرل آف پولیس (جموں زون) بھیم سین توتی اور انسپکٹر جنرل سی آر پی ایف اَمول وی ہومکر نے کی۔ضلع ہیڈکوارٹر سانبہ میں منعقدہ اجلاس میں پولیس، مرکزی نیم فوجی دستوں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی جموں-سانبہ-کٹھوعہ رینج شری دھر پاٹل اور ایس ایس پی سانبہ انوج کمار بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران امرناتھ یاترا کی سکیورٹی، انتظامات اور مختلف فورسز کے درمیان رابطہ کاری سے متعلق تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دونوں آئی جیز نے یاترا کے لیے کی گئی تیاریوں کا معائنہ کرتے ہوئے فورسز کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دی۔اجلاس میں یاتریوں کی حفاظت، سکیورٹی اور ان کی محفوظ و ہموار آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون اور مستعدی کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت دی گئی تاکہ مقدس یاترا ہر لحاظ سے پُرامن اور محفوظ ماحول میں جاری رہے۔