عظمیٰ ویب ڈیسک
رام بن/جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں سڑک تعمیراتی منصوبے پر کام کے دوران ایک افسوسناک حادثے میں کھدائی مشین (ایل اینڈ ٹی ایکسکیویٹر) کا آپریٹر جان کی بازی ہار گیا، جب مشین بے قابو ہو کر سڑک سے پھسلتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ پیر کی شام چندرکوٹ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں آنے والے’’گج پتھ قلعہ ‘‘علاقے میں پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع رات قریباً 8:30 بجےموصول ہوئی، جس کے بعد رام بن پولیس نے سول کوئیک ریسپانس ٹیم (QRT) کے رضاکاروں کی مدد سے فوری طور پر بچاؤ کارروائی شروع کی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد ایکسکیویٹر کئی سو فٹ گہری کھائی میں جا گرا اور اس کا آپریٹر مشین کے ملبے تلے دب گیا۔ طویل اور دشوار ریسکیو آپریشن کے بعد جے سی بی مشین کی مدد سے تباہ شدہ ایکسکیویٹر کو اٹھا کر آپریٹر کی لاش نکالی گئی۔
متوفی کی شناخت اختر حسین ولد حسین کھانڈے ساکن کاہراہ، ضلع ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔نعش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال رام بن منتقل کیا گیا ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
رام بن میں تعمیراتی کام کے دوران مشین آپریٹر جاں بحق