عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں میں این آئی اے ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے کالعدم تنظیم لشکرِ طیبہ کے بانی حافظ محمد سعید کے خلاف ناقابلِ ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کے احکامات صادر کیے ہیں۔ یہ کارروائی این آئی اے کی درخواست پر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزم مفرور ہے اور جان بوجھ کر گرفتاری سے بچ رہا ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق حافظ محمد سعید، جو پاکستان کے شہر سرگودھا کے رہائشی ہیں، این آئی اے کے مقدمہ نمبر 02/2025 میں نامزد ملزم ہیں اور ان کے خلاف ضمنی چارج شیٹ بھی عدالت میں پیش کی جا چکی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ منصفانہ، مکمل اور مؤثر تفتیش کے لیے ملزم کی گرفتاری اور حراستی پوچھ گچھ ضروری ہے، لہٰذا ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے جاتے ہیں۔ عدالت نے وارنٹ پر عمل درآمد کے لیے حکم نامہ ڈی آئی جی این آئی اے جموں کو ارسال کرنے کی ہدایت بھی دی۔
این آئی اے کیس: عدالت نے حافظ محمد سعید کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے