پونچھ// پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدر و سابقہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ دفعہ 370اور 35 کی منسوخی کے بعد صورتحال میں کوئی تبدیل نہیں آئی ہے جبکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ایس پی اوز کی نوکری کیلئے ترس رہے ہیں ۔سرحدی ضلع پونچھ کے دورے کے دوران ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھاجپا کی مرکزی حکومت ہمیشہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کو تعمیر وترقی میں رکائوٹ کے طورپر پیش کررہی تھی تاہم اس کی منسوخی کے بعد بھی پی ایچ ڈی اور پوسٹ گریجویٹ نوجوان پولیس میں ایس پی او کی بھرتی کیلئے درخواستیں لگا رہے ہیں ۔انہوں نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میں 50ہزار نوکریاں دینے ے دعوئے کئے جارہے تھی لیکن ابھی تک مذکورہ نوکریاں نہیں دی گئی ہیں ۔موصوفہ نے کہاکہ اس وقت جموں وکشمیر کے ہر ایک ضلع میں لوگوں کی مشکلات ایک جیسی ہی نہیں جبکہ سہولیات کی فراہمی کے دعوئے کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں ۔پی ڈی پی صدر نے کہاکہ وہ جب اقتدار میں تھی تو انہوں نے فارسٹ رائٹ ایکٹ کو نافذ کرنے کی کوششیں کی تھی تاہم بھاجپا نے اس کی مخالفت کی تھی ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت رشوت خوری کو ختم کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں لیکن زمینی سطح پر رشو ت کے معاملا ت میں اضافہ ہو چکا ہے ۔پی ڈی پی صدر نے کہاکہ سابقہ ریاستی وزیر اعلیٰ محروم مفتی محمد سعید نے پونچھ رولا کوٹ راستے کو بحال کیا تھا جس کیساتھ ہزاروں افراد کا روز گار منسلک تھا لیکن سرکاری نے مذکورہ راستے کو بند کر کے ایک بڑی تعداد کو بے روز گار کر دیا ہے ۔اس سے قبل موصوفہ کی قیادت میں پارٹی کارکنوں کا اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران دیگر پارٹیوں کو چھوڑ کر کئی کارکنوں نے پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کر لی ۔اس موقعہ پر سابقہ ایم ایل سی یشپال شرما ،پارٹی ضلع صدر شمیم گنائی ،سنیئر لیڈر راجندر منہاس ،جاوید چوہدری ،امتیاز علی بانڈے ،لال حسین ودیگر لیڈران بھی موجود تھے ۔