پیر کی گلی اور سادھنا ٹنل منصوبوں پرتبادلہ خیال، سرحدی سڑکوں کی جلد تکمیل پرزور
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //رکنِ پارلیمنٹ اننت ناگ-راجوری میاں الطاف احمد نے نئی دہلی میں بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ہرپال سنگھ سے ملاقات کی، جس دوران خطہ پیر پنچال اور کشمیر میں مختلف اہم رابطہ سڑک منصوبوں اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میاں الطاف احمد نے بی آر او سربراہ پر زور دیا کہ وہ مغل روڈ پر مجوزہ پیر کی گلی ٹنل اور طویل عرصہ سے زیر التوا سادھنا ٹنل منصوبے پر جلد پیش رفت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان دونوں اہم ٹنل منصوبوں کے ٹینڈرنگ عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ تعمیراتی کام جلد از جلد شروع ہو سکے۔میاں الطاف احمد نے کہا کہ پیر کی گلی ٹنل کی تکمیل سے نہ صرف سفر کا فاصلہ کم ہوگا بلکہ مغل روڈ کے خطرناک اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ حصوں سے محفوظ متبادل راستہ بھی دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹنل پورا سال قابلِ اعتماد رابطہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیر وادی اور پیر پنچال خطے کے درمیان اسٹریٹجک رابطہ کو بھی مضبوط کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سادھنا ٹنل بھی ایک نہایت اہم منصوبہ ہے، جو سادھنا پاس کے دشوار گزار علاقے کو بائی پاس کرے گا۔ یہ علاقہ شدید برفباری اور خراب موسمی حالات کے باعث سردیوں میں اکثر بند رہتا ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق سادھنا ٹنل کی تعمیر سے عوامی آمدورفت اور مجموعی رابطہ نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔میاں الطاف احمد نے ملاقات کے دوران جموں-پونچھ قومی شاہراہ کی اپ گریڈیشن اور دیکھ بھال کا معاملہ بھی زور دار انداز میں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر او کی جانب سے شاہراہ کی بہتری کے لئے کافی کام انجام دیا گیا ہے، تاہم بعض حصے اب بھی خستہ حالت میں ہیں، جن کی فوری مرمت اور اپ گریڈیشن ضروری ہے تاکہ مسافروں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔انہوں نے منجا کوٹ کے ان خاندانوں کا مسئلہ بھی ڈی جی بی آر او کے سامنے رکھا جن کے مکانات اور املاک شاہراہ کی توسیعی کاموں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔ میاں الطاف نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو جلد مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔ڈی جی بی آر او لیفٹیننٹ جنرل ہرپال سنگھ نے میاں الطاف احمد کو مختلف اسٹریٹجک منصوبوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پیر کی گلی اور سادھنا ٹنل منصوبے فعال غور و خوض کے مرحلے میں ہیں اور بی آر او ان منصوبوں کے عمل کو تیز کرے گا تاکہ جلد تعمیراتی سرگرمیاں شروع ہو سکیں۔جموں-پونچھ شاہراہ کے حوالے سے ڈی جی بی آر او نے جموں میں متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ باقی ماندہ سڑک حصوں کی اپ گریڈیشن اور مرمتی کام آئندہ ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ منجا کوٹ کے لینڈ سلائیڈنگ متاثرین کو معاوضہ دینے کا معاملہ محکمہ مال کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد جلد حل کیا جائے گا۔