عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر پولیس کے کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر (سی آئی کے) نے ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مبینہ غلط استعمال کی تحقیقات کے سلسلے میں وادی کشمیر کے پانچ اضلاع میں بیک وقت چھاپہ کارروائیاں انجام دیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں سری نگر، گاندربل، بارہمولہ، اننت ناگ اور ہندواڑہ اضلاع میں قابلِ اعتماد معلومات اور تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والے شواہد کی بنیاد پر کی گئیں۔
حکام نے بتایا کہ ان چھاپوں کا مقصد ایسے ڈیجیٹل آلات، دستاویزات اور دیگر قابلِ اعتراض مواد کو ضبط کرنا تھا جنہیں مبینہ طور پر سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ملک مخالف بیانیے کو فروغ دینے اور اس کی تشہیر کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی سائبر اسپیس کے مبینہ غلط استعمال کی روک تھام اور جموں و کشمیر میں امن و امان اور سلامتی کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خلاف سی آئی کے کی مسلسل مہم کا حصہ ہے۔حکام کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔