۔21روزہ والی بال کوچنگ کیمپ اختتام پذیر
پرویز خان
منجا کوٹ //راجوری میں جاری 21روزہ والی بال کوچنگ کیمپ اختتام پذیر ہو گیا ۔والی بال ایسوسی ایشن جموں وکشمیر کے بینر تک والی بال ایسوسی ایشن راجوری کی طرف سے منعقدہ تربیتی کیمپ کے دوران نوجوانوں کو مختلف زمروں کے تحت تربیت دی گئی ۔اس کوچنگ کیمپ کی مناسبت سے لڑکیوں کیلئے ایک کوچنگ کیمپ منجا کوٹ تحصیل میں بھی منعقد کیا گیا تھا ۔منجا کوٹ میں منعقدہ تربیتی کیمپ میں 14لڑکیوںنے شرکت کی ۔لڑکیوں کے تربیتی کیمپ کے اختتام پر منعقدہ پروگرام میں زیڈ ای پی او حنیف خان بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ اسی طرح لڑکوں کیلئے راجوری کے بگنوٹی علاقہ میں ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں 14لڑکوں کو تربیت فراہم کی گئی ۔بگنوٹی میں منعقدہ اختتامی تقریب کے دوران کستوری لعل بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔اس دوران مقررین نے متعلقہ شعبہ کے ملازمین کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کریں گے ۔
پنچایت بے نمبل کا بجلی ٹرانسفارمر خراب
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی پنچایت بے نمبل میں بجلی کا ٹرانسفارمر کئی دنوں سے خراب ہونے کی وجہ سے صارفین گھپ اندھیرے میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔صارفین نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے علاقہ میں بجلی کا کوئی بندوبست ہی نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی اور جموں وکشمیر کی حکومت دیہات میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے بلندو بانگ نعرے لگا رہی ہے لیکن زمینی سطح پر نہ تو بنیادی سہولیات موجود ہیں اور نہ ہی لاپرواہ ملازمین کیخلاف کوئی کارروائی کی جاتی ہے ۔علاقہ کے نوجوانوں نے محکمہ بجلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ملازمین اور محکمہ کے آفیسران سے بھی رجوع کر چکے ہیں لیکن کئی دنوں بعد بھی بجلی کے خراب ٹرانسفارمر کی مرمت ہی نہیں کی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ محکمہ کے ملازمین صرف دفاتروں سے بجلی کے بھاری بل لوگوں کو ارسال کرنے کیلئے علاقوں کا رخ کرتے ہیں تاہم ترسیلی لائنوں کیساتھ ساتھ خراب مشینری کی مرمت میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کے خراب ٹرانسفارمر کی جلدازجلد مرمت کرنے بجلی کو بحال کیا جائے ۔
راجوری میں خاتون کی مشکوک موت
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع میں ایک خاتون کی ہوئی مشکوک موت کے بعد پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ ضلع کے اگراتی علاقہ میں ایک خاتون کی مشکوک حالت میں موت ہوئی جس کے بعد تحقیقات شروع کی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ خاتون کی شناخت 55سالہ مقصوبہ بیگم زوجہ محمد بشیر سکنہ اگراتی کے طور پر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ خاتون کی مشکوک حالت میں اپنے ہی گھر میں موت ہوئی جس کے بعد اس کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم و دیگر لورزامات کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں چٹیاڑ چنگس میں ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
سرحدی اضلاع میں ولیج ڈیفنس کمیٹیاں تشکیل دینے کی مانگ
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے نوجوانوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رجوری اور پونچھ اضلاع میں ولیج ڈیفنس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ انھوں نے سیکورٹی اداروں کو بھی اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جموں کی کوٹ بلوال جیل میں بیٹھے دہشت گردوں نے ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت پونچھ کے چمریڑ اور بھاٹا دھوڑیاں جنگلات میں ہمارے 9 فوجی اہلکاروں کی زندگیاں چھین لیں لیکن کسی کو بھنک تک نہیں ہوئی۔ نوجوان سیاسی رہنما اور سنی تحریک کونسل کے سرپرست محمد عرفان بھٹی نے کہا کہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ یو ٹی جموں و کشمیر کے متاثرہ علاقوں میں ولیج ڈیفنس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کیلئے یہ کمیٹیاں سیکورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں۔بھٹی نے یو ٹی جموں و کشمیر کی موجودہ صورت حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر چہ ایک طرف پتھر بازی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے لیکن دوسری جانب عام اور نہتے شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جوکہ انتہائی تشویشناک بات ہے۔ عرفان بھٹی نے بھاجپا کی طرف سے جموں میں ریلائنس سٹور کھولے جانے کے مجوزہ منصوبے کی کڑے الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہمارے تاجروں کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
پہاڑی ایکشن فورم نے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //پہاڑی ایکشن فورم مینڈھر کے اراکین نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو شکریہ ادا کرتے ہوئے مانگ کی کہ پہاڑی طبقہ کو جلدازجلد انصاف فراہم کیا جائے ۔اراکین نے کہاکہ وزیر داخلہ نے پہاڑی طبقہ کے مسائل اور مانگ کی جانب توجہ دی ہے جبکہ انہوں نے جموں کیساتھ ساتھ اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے بھی پہاڑی طبقہ کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پہاڑی قبائل کے لوگ گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے مطالبے کو پورا کرنے کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں لیکن اقتدار میں آنے والی سبھی پارٹیوں نے پہاڑی طبقہ کیساتھ نا انصافیاں کی ہیں جس کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے باوجود بھی پہاڑی قبائل کیساتھ تعلق رکھنے والے طلباء دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے مرکزی وزیر دداخلہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے پہاڑی قبائل کی جانب خصوصی توجہ دی ہے اور انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت جلد ہی پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دے کر ان کے مسائل حل کرئے گی ۔
پہاڑی کی مانگ پر وزیر داخلہ کا بیان خو ش آئند :گنائی
منڈی// بلاک ڈولپمنٹ کونسل چیئر مین منڈی شمیم گنائی نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے پہاڑی طبقہ کی مانگ کا سدباب کرنا خوش آئندقدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امت شاہ نے جموں میں جموں کشمیر کے تمام طبقات با لخصوص پہاڑیوں کو ان کے حقوق دینے کیساتھ ساتھ اسمبلی اور پنچایتی سطح پر نمائندگی دینے کے حوالے سے جو بیان دیا ہے وہ اس کیلئے شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ شمیم گنائی نے کہا ہے کہ پہاڑی طبقہ کے لوگ جنہیں اگر چہ سرکار کی جانب سے چار فی صدی مرعات دی ہیں مگر وہیں پر اس طبقہ کی بہبود اور ترقی کیلئے سرکار کی جانب سے اٹھائے جا رہے مزید اقدام اس طبقہ کے لوگوں کے ساتھ مرکزی سرکار کی جانب سے بہتر قدم ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر سرکار ایسے اقدام اٹھائے گی تو وہ عوام کے زخموں پر مرہم پٹی کی مانند ثابت ہونگے ۔انہوں نے کہا ہے کہ سرکار کو چاہے کہ وہ عوام کیلئے جمہوری اقدار کو بحال کرے تاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو اس افسر شاہی سے نجات حاصل ہو سکے شمیم گنائی کا کہنا تھا کہ آفسر شاہی کے اس نظام میں غریب اور عام لوگوں کو کافی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے جو کہ یہاں کی عوام کیلئے ناقابل برداشت ہے۔
گورو روم داس کے یوم پیدائش پر سماگم کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ ضلع میں گورو روم داس کے یوم پیدائش کے حوالے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے کھوڑینار پونچھ کے گوردوارے میں ایک اجتماع منعقد کیا گیا جہاں پاٹھ کی تکمیل کے بعد حضوری راگی گوردوارہ مہنت صاحب، بھائی رسمیت سنگھ، بھائی گرپریت سنگھ، بھائی سرتاج سنگھ، اندر کور، ارویندر سنگھ، روپندر کور، رنجیت کور، پرسنجوت سنگھ سریاں والے اور دیگر نے گربانی کیرتن کیا۔ اس موقع پر مقامی مبلغین نے گرو رامداس جی کی زندگی کی تاریخ اور انسانیت اور خاص طور پر سکھ مذہب کیلئے ان کی شراکت پر روشنی ڈالی۔ سماگم کے دوران گرو کا لنگر بھی پیش کیا گیا۔گورپریت سنگھ ، پروپکر سنگھ ، گورمیت سنگھ ، پرویندر سنگھ دیگران اس موقع پر موجود رہے۔
سلوتری میں معذوروںکیلئے مفت طبی کیمپ | 150 سے زائد افراد کو ادویات فراہم کی گئی
حسین محتشم
پونچھ// پونچھ کے سرحدی گاؤں سلوتری میں پونچھ کی معروف غیر سرکاری تنظیم پریتم سپریچو ل ٹرسٹ نے معذور افراد کو مصنوعی اعضاء کی فراہمی اور ان کو مفت ادویات فراہم کرنے کے لئے کیمپ کا انعقاد کیا جس میں150 افراد کا طبی معائینہ کر کے ان کو مصنوعی اعضاء لگائے جانے لئے معذوروں کی نشاندہی کی۔پریتم سپریچول ٹرسٹ کی جانب سے یہ کیمپ معذور افراد کو ان کے گھروں کے نزدیک سہولت فراہم کرنے کے لئے منعقد کیا گیا جس میں ان کا تعاون محکمہ آیوش کے ڈاکٹروں نے کیا۔اس کیمپ میں 150 معذور افراد کا طبی معائینہ کیا گیا اور ان میں ضروری ادویات بھی تقسیم کی گئی جبکہ متعدد معزور افراد کو مصنوعی ہاتھ اور ٹانگیں لگانے کے لئے نشاندہی بھی کی گئی تاکہ ان کو معمول کی زندگی گزارنے کے قابل بنایا جا سکے۔منتظمین کا کہنا تھا کہ ان معذوروں کو جلد مصنوعی اعضاء لگائے جائیں گے ۔
پونچھ میںلوک عدالت کا انعقاد ،65معاملات حل کئے گئے
حسین محتشم
پونچھ//چیئرمین ضلع لیگل سروسز اتھارٹی پونچھ کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ کورٹ پونچھ میں ایک لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا جس میں جوڈیشل آفیسر، بار ممبران، بینک ملازمین، مدعیان اور عام لوگوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ لوک عدالت کا آغاز کرتے ہوئے چیرمین ڈی ایل ایس اے پونچھ اشوک کمار شاون (پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج) پونچھ نے لوک عدالت کے مثبت پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اسے وقت کی ضرورت قرار دیا اور عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے آگے آئیں۔لوک عدالت کے دوران ضلع ہیڈ کوارٹر میں دو بنچ تشکیل دئیے گئے۔ پہلے بنچ کی صدارت اشوک کمار شاون چیئرمین ڈی ایل ایس اے (پی آر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج) پونچھ نے کی اور دوسری بنچ کی صدارت سرفراز نواز خصوصی موبائل مجسٹریٹ پونچھ نے کی اور معاونت وجاہت حسین کاظمی سیکرٹری ڈی ایل ایس اے پونچھ نے کی۔ادھر سرنکوٹ کے بنچ کی صدارت منظور احمد خان چیئرمین ٹی ایل ایس سی سرنکوٹ نے کی۔ مینڈھر بنچ کی صدارت شازیہ چودھری چیئرمین ٹی ایل ایس سی (جے ایم آئی سی) نے کی۔ لوک عدالت میں مجموعی طور پر 101 مقدمات چلائے گئے جن میں سیول ، فوجداری ، ایم اے سی ٹی ، بینک ریکوری ، پری لیگیڈیشن اور دیگر مقدمات شامل ہیں۔ ان میں سے 65 مقدمات کو مذکورہ تمام بنچوں نے ثالثی ، صلح اور سمجھوتہ کے ذریعے حل کیا۔
دارالقرآن کے بچوں نے عید میلاد النبی منائی
حسین محتشم
پونچھ//جشن عید میلاد النبی کے حوالے سے جہاں علمائے کرام اور عام فرزندان توحید محافل اور جلوس جاری رکھے ہوئے ہیں وہیں مکتب امامیہ پونچھ کے دارالقرآن کے ننھے منے بچوں کی جانب سے امام بارگاہ پونچھ میں محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر موجود بچوں نے نعت کے نذرانے سرکارِ دو عالم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حضور پیش کئے جبکہ بچوں کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید ظہور حسین نقوی نے کہا ۴۱سوسال قبل پیغمبر اسلام ؐ دنیا میں امن و امان کا پیغام لے کر تشریف لائے۔انہو نے کہا کہ ہمیں آپؐ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کے عہد کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے آقا کے پیدائش کا دن سب سے بڑی خوشی کا دن ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر صدیوں تک رسول کائنا ت کا ذکرکیا جائے تو بھی کم ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ اسلام کے امن و امان کے پیغام کو عام کریں۔
پنڈوری گائوں میں سکول تعمیر کانے کا مطالبہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے پنڈوری گائوں کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گائوںبچوں کی تعلیم کیلئے ایک سرکاری سکول قائم کیا جائے تاکہ ان کے بچوں کو تعلیم کیلئے مصیبت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔مکینوں نے بتایا کہ گائوں میں بنیادی سہولیا ت بالخصوص سرکاری سکول نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو کئی کلو میٹر دور پیدل سکول جانا پڑتا ہے ۔غور طلب ہے کہ پنڈوری گائوں سب ڈویژن نوشہرہ کا یک انتہائی پسماندہ اور دور افتادہ گائوں ہے جہاں کے لوگ اس جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات کی قلت کی وجہ سے قدیم طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے سرکاری سکول کی تعمیر کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گائوں میں ڈیڑھ سو کنبے آباد ہیں لیکن بچوں کو کئی کلو میٹر دور قائم سکول میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے جانا پڑتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کی معیاری تعلیم کیلئے پنڈوری علاقہ میں سکول قائم کیا جائے ۔
سابقہ زونل ایجوکیشن آفیسر کا اچانک انتقال
سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //سابقہ زونل ایجوکیشن آفیسر مینڈھر محمد صادق گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے اچانک انتقال کر گئے ۔ان کی عمر 71برس تھی جبکہ مرحوم 2009میں محکمہ ایجوکیشن سے بطور زونل ایجوکیشن آفیسر مینڈھر عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے ۔مرحوم نے محکمہ ایجوکیشن میں مختلف مقامات پر اپنی خدمات انجام دی ہیں ۔ان کی وفات پر محکمہ کیساتھ ساتھ عام معززین کی ایک بڑی تعداد نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ان کی نماز جنازہ آبائی گائوں جوگی محلہ ڈھرانہ میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے ان کو پُر نم آنکھوں کیساتھ سپرد خاک کیا ۔سابقہ زیر ایجوکیشن کی وفات پر سابقہ وزیر نثار احمد خان ،سابقہ ایم ایل سی رشید قریشی ،مرتضی خان ،ایڈوکیٹ محمد معروف خان ،ایڈوکیٹ ندیم رفیق خان ،پروین سرور خان سنیئر کانگر یس لیڈر ،وسیم احمد خان ،محمد صادق چوہدری ،محمد عظم فانی ،ایڈوکیٹ اکبر حسین ،ایڈوکیٹ شوکت چوہدری ،ایڈوکیٹ جاوید احمد خان ،ایڈوکیٹ شرافت اللہ خان ،ایڈوکیٹ بشارت خان ،شوکت چوہدری سرپنچ سلواہ ،ڈی ڈی سی ممبر انجینئر واجد بشیر خان ،ڈی ڈی سی ممبرعمران ظفر ،ڈی ڈی وائس چیئر مین انجینئر اشفاق چوہدری ،بی ڈی سی ممبر امان اللہ چوہدری و این سی سنیئر لیڈر چوہدری والی داد اور دیگران نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔