بدھل // سب ڈویژن بدھل کی بیشتر سڑکیں جہاں بد حالی کا شکار ہیں،وہیں ترن کیول سے بجی کو جانے والی 2 کلو میٹر سڑک کا کام محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے سال 2005 میں شروع کیا تھا تا ہم 15 سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی 2 کلو میٹر سڑک کی حالت میں کوئی سدھار نہیں آیاجس کے نتیجے میں مقامی آبادی متعلقہ تعمیراتی ادارے سے نالاں ہے ۔ محمد رفیق نامی ایک مقامی شہری کے مطابق سڑک کی حالت اس قدر خستہ ہے کہ اس پر لوگوں کو چلنا پھرنا بھی محال ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران یہ سڑک سیلابی صورتحال اختیار کر لیتی ہے اور سڑک کا سارا پانی زمینوں اور مکانوں میں چلا جاتا ہے اورجب موسم خشک ہوتا ہے تو یہ سڑک دھول اور گردو غبار کا مرکز بن جاتی ہے اور اس پر لوگوں کا چلنا پھرنا انتہائی مشکل بن جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سڑک پر سکولی بچے سفر کرتے ہیں انہیں سکول جانے کے دوران کافی دقتیں پیش آتی ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے معاملہ متعدد بار اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لایا لیکن اس جانب کوئی بھی دھیان نہیں دیا گیا ہے اور یہاں کی آبادی کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کا کہنا ہے کہ سڑک کا ایک ہفتے میں ٹینڈر نکل آئے گا جس کے بعد اس کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا ۔