ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے تعلیمی زون بھٹیاس میں کے گورنمنٹ ہائی سکول کنسو کی عمارت جہاں خستہ حال ہے وہیں تدریسی و غیر تدریسی عملہ کی 10 اسامیاں خالی پڑی ہیں۔کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق تعلیمی زون بھٹیاس تحصیل کاہرہ کے گورنمنٹ ہائی سکول کنسو میں 120 سے زائد طلاب زیر تعلیم ہیں اور 5 کلاس روم ہیں جن کی حالت خستہ ہے۔سکول میں پینے کے صاف پانی کی بھی قلت پائی جاتی ہے جبکہ بیت الخلاء و کچن شیڈ کی حالت بھی ناگفتہ بہہ ہے۔ ہائی سکول میں ہیڈماسٹر، ماسٹر گریڈ کی 2،دو ٹیچرز، ایک لائبریری و 1 لیبارٹری اسسٹنٹ اور درجہ چہارم کی 3 اسامیوں سمیت تدریسی و غیر تدریسی عملہ کی 10 اسامیاں خالی پڑی ہیں جس کے نتیجے میں تعلیمی نظام متاثر ہو رہا ہے۔مقامی سرپنچ کملیشہ دیوی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا 1952 میں پرائمری سکول کنسو کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ 1990 میں مڈل و 2008 میں ہائی سکول کا درجہ دیا گیا لیکن اس کی حالت دن بدن خستہ حالی کی طرف بڑھ رہی ہے اور حکام کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب گھرانوں کے بچے اس اسکول میں زیر تعلیم ہیں اور بنیادی ڈھانچے کی عدم دستیابی سے انہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سماجی کارکن دیا کرشن نے گورنمنٹ ہائی سکول کنسو میں بنیادی سہولیات کی کمی و خالی پڑی اسامیوں کو پر کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔