عظمیٰ نیوزسروس
جموں//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے عوام کے دیرینہ مطالبے کے بعد کٹھوعہ ریلوے سٹیشن کا نام باضابطہ طور پر ’شہید کیپٹن سنیل کمار چودھری کٹھوعہ ریلوے سٹیشن‘ رکھا گیا ہے، جو خطے کے بہادر سپوت کی قربانیوں کو قومی سطح پر خراجِ عقیدت ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کٹھوعہ کے عوام کی جانب سے پیش کی گئی درخواست کو فوری طور پر قبول کرتے ہوئے شہید کیپٹن سنیل کمار چودھری کے نام سے سٹیشن منسوب کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے لیے وہ وزیر اعظم کے بے حد مشکور ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تبدیلی نہ صرف ایک نام کی تبدیلی ہے بلکہ شہداء کی عظمت اور ان کی خدمات کے تسلسل کو نسل در نسل زندہ رکھنے کا ایک اہم قدم ہے۔مرکزی وزیر نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر ریلوے اشونی ویشنو کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں وزراء نے اس عمل کو تیز اور مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے کٹھوعہ کے عوام کی طویل عرصے سے کی جانے والی خواہش پوری ہوئی ہے اور شہید کے خاندان سمیت پورے خطے کے لوگوں کے جذبات کا احترام ہوا ہے۔مقامی لوگوں نے بھی حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ شہید کیپٹن سنیل کمار چودھری کی بہادری اور قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور سٹیشن کا نیا نام آنے والی نسلوں کے لیے ایک تاریخی علامت رہے گا۔