منڈی//ضلع پونچھ میں دوبرس سے زائد عرصہ کی بریک کے بعد ہائر سکینڈری سطح پر تدریسی عمل بحال کیا جارہاہے جبکہ بچوں کو کووڈ جانچ اور والدین کی رضامندی کے بعد ہی سکول آنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ کووڈ جانچ کے بعد 50فیصد بچوں کوکلاسوں میں بیٹھنے کی اجازت ہوگی ۔متعلقہ محکمہ کے ذرائع نے بتایا کہ کووڈ کی وجہ سے دو برسوں بعد 11ویں اور 12ویں جماعت میں زیر تعلیم بچوں کو سکول آنے کی اجازت دی گئی ہے تاہم اس کیلئے والدین کی رضا مندی اور بچوں کا کووڈ ٹیسٹ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ ضلع پونچھ کے متعدد ہائر سکینڈری سکولوں میں محکمہ صحت کی جانب سے طلباء کی کووڈ جانچ کے سلسلہ میں کیمپوں کا اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ نزدیکی ہسپتالوں میں بھی مذکورہ عمل شروع کیا گیا ہے ۔سکولوں کی بحالی کے بعد طلباء بھی خوش نظر آرہے ہیں ۔اس حوالے سے طلباء نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ دوبرسوں سیان کی پڑھائی متاثر ہورہی تھی تاہم سکول کی بحالی کے بعد ان کو معیاری تعلیم حاصل ہونے کی امید ہے ۔غور طلب ہے کہ کووڈ کی وجہ سے جہاں پوری دنیا میں مختلف شعبوں کا نقصان ہوا ہے وہائیں تعلیمی سرگرمیاں بُری طرح سے متاثر ہوئی ہیں ۔طلباء نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ ان کی پڑھائی کیلئے سنجیدہ نوعیت کے اقدامات اٹھائے گی جبکہ چھوٹی کلاسوں کے بچوں کو اگرچہ سکولوں میں آنے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم ان کو آن لائن ہی معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی ۔زونل ایجوکیشن آفیسر نگالی اور پرنسپل ہائر سکینڈری سکول ساوجیاں انور خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بورڈ امتحان والی کلاسوں کے طلباء کو سکول آنے کی اجازت دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ والدین کی رضا مندی اور کووڈ جانچ کے بعد ہی 50فیصد بچوں کو کلاسوں میں بیٹھنے کی اجازت دی گئی ہے ۔