عظمیٰ نیوزسروس
جموں//گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس، جموں کی این ایس ایس یونٹس نے کالج احاطہ میں 7روزہ خصوصی/سالانہ کیمپ کا افتتاح کیا۔پروگرام کا آغاز کالج کے پرنسپل اور دیگر معزز مہمانوں کی جانب سے روایتی انداز میں شمع روشن کرکے کیا گیا۔ افتتاحی اجلاس میں رضاکاروں کی ذہنی صحت کے موضوع پر ایک معلوماتی تکنیکی نشست بھی منعقد کی گئی۔ ڈائریکٹوریٹ آف آیوش سے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ہمانی بٹیال نے بطور ریسورس پرسن شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے جدید دور کے ذہنی دباؤ کی پیچیدگیوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس کا تعلیمی کارکردگی اور مجموعی صحت پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذہنی دباؤ پر قابو پانے کے لئے صرف آرام ہی نہیں بلکہ طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلیوں کے ذریعے قوتِ برداشت پیدا کرنا ضروری ہے۔لیکچر کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف آیوش سےجیوتی بالی نے ایک دلچسپ یوگا سیشن منعقد کیا۔ انہوں نے مختلف تکنیکیں پیش کیں جن میں خصوصی سانس کی مشقیں اور مائنڈ فلنیس کی سرگرمیاں شامل تھیں، جو طلبہ کو اضطراب اور تعلیمی دباؤ کو مؤثر انداز میں کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔اس موقع کی ایک اہم جھلک نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت دو ماہ پر مشتمل ایک جامع مہم کا باقاعدہ آغاز تھا۔ یہ مہم کالج این سی او آر ڈی کی جانب سے شروع کی گئی ہے جس کا مقصد آئندہ سو دنوں کے دوران ورکشاپس، ریلیوں اور سیمینارز کے ذریعے طلبہ اور مقامی آبادی کو منشیات کے نقصانات سے آگاہ کرنا ہے۔