ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں آگ کی تین الگ الگ پر اسراروارداتوں میں دو سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 5 گائیں ہلاک ہوئی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق پیر کی شب گیارہ بجے کے قریب تحصیل کمپلیکس ڈوڈہ کے ایک کمرے سے آگ نمودار ہوئی اور چند ہی لمحوں میں پوری عمارت میں پھیل گئی ۔اس دوران مقامی لوگ، پولیس، سیول انتظامیہ و سیکورٹی فورسز کی ٹیمیں و فائر ایمرجنسی سروسز کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور بچاؤ کارروائی شروع کیں۔افراتفری میں تحصیل کمپلیکس کے متصل ضلع ٹریجری، اسٹیٹکل دفتر و جموں و کشمیر بنک شاخ کو بچانے کا عمل بھی شروع کیا تاہم پانچ کمروں پر مشتمل تحصیل کمپلیکس کی آخری منزل میں واقع ضلع اسٹیٹکل دفتر مکمل طور پر خاکستر ہوا جس میں موجود ریکارڈ بھی تباہ ہوا اور تحصیل دفتر کو جزوی نقصان پہنچا۔ ایک گھنٹہ بعد آگ پر قابو پایا گیا۔اس دوران ڈوڈہ کی تحصیل مرمت گوہا گاؤں میں دیا رام ولد ودیا رام کے گاؤ خانہ میں پیر کی درمیانی شب کو آگ لگ گئی جس میں موجود 5 گائیں ہلاک ہوئیں۔ ایس ایچ او ڈوڈہ ارون شرما نے دونوں واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔ دریں اثنا پیر کی شب کو ہی گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول ملوٹھی کی عمارت سے آگ نمودار ہوئی۔آگ کے شعلے نکلتے ہی مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم سب انسپکٹر محمد شفی کی قیادت میں موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکول عمارت کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے تاہم ریکارڈ تباہ ہوا ہے۔مقامی لوگوں نے اسے ایک سازش قرار دیتے ہوئے معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔