محمد تسکین
بانہال// بانہال اور رام بن کے علاقوں میں جمعرات کو ہوئی بارشوں کے نتیجے میں لوگوں کو گرمی کی شدت سے کسی حد تک راحت ملی ہے کیونکہ بدھ کے روز رام بن کے علاقوں میں گرمی کی شدت کی وجہ سے لوگوں کا حال بے حال ہوگیا تھا ۔جمعرات کی صبح کی بانہال اور رام بن کے علاقوں میں بارشیں ہوئیں تاہم ان بارشوں کا مرکز سب ڈویژن بانہال اور رامسو تھے اور کئی علاقوں میں تیز بارشیں بھی ہوئی ہیںجبکہ رام بن میں آدھے گھنٹے تک بارش ہوئی۔ رامسو اور سینابتی کے علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے بارشوں کا پانی نالوں کی صورت میں لوگوں کے گھروں اور رامسو ہسپتال کے احاطے میں گھس گیا۔ سینابتی سے کئی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سینابتی ۔ گجراڑہ سڑک کی تعمیر ہو رہی ہے اور اب تک حفاظتی دیواریں اور پانی کی نکاسی کیلئے نالیاں نہیں بنائی گئی ہیں جس کیوجہ سے بارشوں کا پانی سڑک سے نیچے فرید احمد گوجر کے گاؤں خانے میں گھس گیا۔ انہوں نے کہا حکام سے اپیل کی ہیکہ وہ سڑک پروجیکٹ کی تکمیل کے دوران مقامی لوگوں کا خیال رکھیں اور بستیوں کی حفاظت کیلئے دیواریں اور نکاسی آب کیلئے نالیاں اور کلورٹ بنائے جائیں۔ بانہال کے علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشوں کا دورانیہ صبح سے دوپہر تک جاری رہا جبکہ رامسو اور سینابتی کے علاقوں میں تیز بارشیں ہوئیں اور چھوٹے چھوٹے نالوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوئی ۔ ادھر رامبن میں قریب ایک گھنٹے تک ہلکی بارشیں ہوئیں اور بعد میں ضلع بھر میں پہلے بادلوں اور بعد میں دھوپ کا راج رہا جو شام تک جاری تھا ۔ ضلع رامبن کے علاقوں میں پچھلے چند روز سے سورج کی تپش نے لوگوں کا حال بے حال کر دیا تھا اور بدھ کے روز گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے بیشتر علاقوں میں زیادہ تر لوگوں نے دوپہر بعد تک گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دی۔ اس دوران ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور جمعرات شام تک ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے دوطرفہ ٹریفک میں سفر کیا۔