عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شمالی ریلوے نے کشمیر ریلوے نیٹ ورک پر مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور ٹرین آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے بانہال۔قاضی گنڈ کے 17 کلومیٹر طویل سنگل لائن برقی ریلوے سیکشن پر ٹرینوں کی زیادہ سے زیادہ مجاز رفتار 75 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھا کر 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی ہے۔ اس فیصلے سے نہ صرف سفر کے دورانیے میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ ریلوے خدمات کی مجموعی کارکردگی میں بھی بہتری متوقع ہے۔
شمالی ریلوے کے جموں ڈویڑن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رفتار میں اضافے کے بعد ٹرینیں اس سیکشن کو پہلے کے مقابلے میں کم وقت میں عبور کریں گی، جس سے لائن کی گنجائش میں اضافہ ہوگا، ٹرینوں کی آمد و رفت مزید منظم ہوگی اور ریلوے انتظامیہ کو پٹریوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال کے لیے بھی زیادہ وقت دستیاب ہوگا۔ریلوے حکام کے مطابق یہ اقدام جدید تکنیکی جانچ، حفاظتی معیارات پر مکمل اطمینان اور متعلقہ سیکشن کی صلاحیت کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد عمل میں لایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے قاضی گنڈ، اننت ناگ اور سرینگر کی جانب چلنے والی ٹرینوں کی وقت کی پابندی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ٹرینوں کے جلد سیکشن عبور کرنے سے آپریشنل دباؤ کم ہوگا، تاخیر کے امکانات میں کمی آئے گی اور ریلوے کے یومیہ شیڈول کو مزید مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکے گا۔بیان میں کہا گیا کہ بانہال۔قاضی گنڈ سیکشن کشمیر ریلوے منصوبے کا ایک نہایت اہم حصہ ہے اور اس پر رفتار میں اضافہ وادی کشمیر کے ریلوے نظام کو مزید جدید اور مؤثر بنانے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔