جاوید اقبال
مینڈھر// ڈاکٹر مسعود چوہدری چمپئن کرکٹ لیگ 2026 کے تحت سنیچر کے روز او پی ہل اسٹیڈیم مینڈھر میں پہلا سنسنی خیز سیمی فائنل کھیلا گیا، جس میں جٹ الیون نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیون سٹار مینڈھر کو 35 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔لیگ کے ساتویں روز منعقدہ اس اہم مقابلے کو دیکھنے کے لیے شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود رہی۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا، جس نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔جٹ الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 149 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔
ٹیم کی جانب سے انجم لفتی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 44 رنز بنائے، جبکہ فراز جٹ نے 43 اور حبیب جٹ نے 35 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن فراہم کی۔الیون سٹار مینڈھر کی جانب سے ایاز احمد نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے چار اوورز میں 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ راجہ اور تحقیر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں الیون سٹار مینڈھر کی ٹیم ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور مقررہ اوورز سے قبل 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جٹ الیون کے بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔فاتح ٹیم کی جانب سے سہیل قاصد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ انجم لفتی نے 43 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 3 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔ ان کی بہترین آل راؤنڈر کارکردگی پر انہیں ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔دوسرا سیمی فائنل بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا، جو اتوار کی صبح دوبارہ کھیلا جائے گا۔ اسی میچ کے اختتام کے بعد ٹورنامنٹ کا فائنل بھی منعقد ہوگا۔کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ لیگ کے مسلسل دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں نے علاقے میں کھیلوں کے رجحان کو فروغ دیا ہے۔ کھیلوں کے ماہرین کے مطابق ایسے ٹورنامنٹس نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔