عظمیٰ ویب ڈیسک
راجوری/جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے گمبھیر مغلاں سیکٹر کے دوریمل جنگلات میں جاری ’’آپریشن شیروالی‘‘آج 36ویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس سمیت مختلف سکیورٹی ایجنسیاں علاقے میں مشترکہ طور پر سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔یہ بڑے پیمانے پر انسدادِ ملی ٹینسی آپریشن مئی کے آخر میں شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد دشوار گزار اور گھنے جنگلاتی علاقوں میں چھپے ہوئے مسلح دراندازوں کا سراغ لگا کر انہیں بے اثر بنانا ہے۔
حکام کے مطابق پورے علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی، نگرانی اور سرویلنس کا عمل جاری ہے جبکہ سکیورٹی اہلکار مکمل چوکسی کے ساتھ تعینات ہیں۔ تمام متعلقہ ایجنسیاں باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ آپریشن کو کامیاب بنانے میں مصروف ہیں۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز علاقے پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور سرچ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک پورے علاقے کو مکمل طور پر محفوظ (سینیٹائز) نہیں کر لیا جاتا اور آپریشن کے تمام اہداف حاصل نہیں ہو جاتے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے علاقے میں اضافی سکیورٹی انتظامات بھی برقرار رکھے گئے ہیں۔
راجوری کے دوریمل جنگلات میں ’’آپریشن شیروالی‘‘36ویں روز بھی جاری