محتشم احتشام
پونچھ// منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر ضلع ہسپتال پونچھ میں ایک خصوصی آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا، جس کا مقصد عوام بالخصوص نوجوانوں میں منشیات کے مضر اثرات سے متعلق شعور بیدار کرنا اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے عزم کو فروغ دینا تھا۔یہ پروگرام مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن جموں و کشمیر آکرتی ساگر، ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرمااور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر پونم سیٹھی کی ہدایات کے مطابق منعقد کیا گیا۔ پروگرام چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ڈاکٹر پرویز احمد خان کی رہنمائی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ضلع ہسپتال ڈاکٹر محمد شفیق کی نگرانی میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔آگاہی پروگرام کا اہتمام ایڈکشن ٹریٹمنٹ فیسلٹی کے عملے نے او پی ڈی سیکشن میں کیا، جس میں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف، اے ٹی ایف کے اہلکاروں اور مریضوں کے تیمارداروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر منشیات کے علاج سے گزرنے والے مریضوں کو ماہرین نے نفسیاتی رہنمائی فراہم کرتے ہوئے منشیات کے جسمانی، ذہنی اور سماجی نقصانات سے آگاہ کیا۔ مقررین نے علاج کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے، مثبت طرزِ زندگی اپنانے اور معاشرے میں دوبارہ باوقار زندگی گزارنے کی اہمیت پر زور دیا۔اپنے خطاب میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد شفیق نے مریضوں پر زور دیا کہ وہ علاج کے عمل میں ثابت قدم رہیں اور صحت مند عادات کو اختیار کرکے منشیات کی لعنت سے مکمل نجات حاصل کریں۔پروگرام کے دوران محکمہ آیوش کے تربیت یافتہ انسٹرکٹرز نے یوگا سیشن بھی منعقد کیا، جس میں ذہنی سکون، جسمانی صحت اور نشے سے بحالی کے عمل میں یوگا کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ محکمہ آیوش کے میڈیکل آفیسران بھی اس موقع پر موجود رہے۔ضلع ہسپتال انتظامیہ نے ضلع آیوش آفیسر اور یوگا انسٹرکٹرز کا تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات کے خلاف بیداری مہم آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی۔ مریضوں کی رازداری اور نجی معلومات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تقریب سے جاری کی گئی تصاویر میں مریضوں کے چہروں کو جان بوجھ کر دھندلا رکھا گیا۔