محتشم احتشام
پونچھ//دی پریم راوت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام اور ضلع انتظامیہ پونچھ کے اشتراک سے منعقدہ پانچ روزہ تعلیمِ امن ورکشاپ جمعہ کو گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے آڈیٹوریم میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ ورکشاپ میں محکمہ تعلیم، صحت، پولیس اور محکمہ سماجی بہبود سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما تھے، جبکہ چیف ایجوکیشن آفیسر جاوید اقبال گلشن، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر پرویز خان، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پروفیسر جسبیر سنگھ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر اجے شرما اور ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر عادل میر بھی اس موقع پر موجود تھے۔پانچ روزہ ورکشاپ کے دوران امن، قدردانی، باطنی طاقت، خود آگاہی، وضاحتِ فکر، فہم و ادراک، وقار، انتخاب، امید اور قناعت سمیت دس بنیادی انسانی اقدار پر تفصیلی سیشن منعقد کیے گئے، جن کا مقصد شرکاء کی ذاتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں ایک پْرامن، مثبت اور بامقصد زندگی گزارنے کی ترغیب دینا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر روبی ناز بھٹی نے امن اور قدردانی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حقیقی امن انسان کی جسمانی، ذہنی اور روحانی فلاح کا ضامن ہے، جبکہ اپنی ذات اور زندگی کی قدر کرنا مثبت طرزِ فکر کی بنیاد ہے۔
پرنسپل بوائز ہائر سیکنڈری سکول منڈی انور خان نے باطنی طاقت اور خود آگاہی کے موضوعات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کے اندر مشکلات کا سامنا کرنے اور درست فیصلے کرنے کی غیر معمولی صلاحیت موجود ہوتی ہے، جسے خود آگاہی کے ذریعے مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔سینئر لیکچرر ہارون راٹھور نے وضاحتِ فکر اور فہم و ادراک کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ واضح سوچ اور بہتر فہم انسان کو نہ صرف درست فیصلے کرنے میں مدد دیتی ہے بلکہ معاشرے میں برداشت اور ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتی ہے۔انسپکٹر غلام حسین نے وقار اور انتخاب کے موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان عزت و احترام کا مستحق ہے اور اس کے فیصلے اس کی ذاتی زندگی کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے پر اثرانداز ہوتے ہیں۔دی پریم راوت فاؤنڈیشن کی ماسٹر ٹرینر پونم سہروات نے امید اور قناعت کے موضوعات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ امید انسان کو ہر مشکل میں حوصلہ بخشتی ہے، جبکہ قناعت زندگی میں اطمینان اور خوشی پیدا کرتی ہے۔ فاؤنڈیشن کی فیسلیٹیٹر ڈاکٹر اویناشی نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ورکشاپ میں حاصل ہونے والی تعلیمات کو اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں عملی طور پر نافذ کریں۔اپنے صدارتی خطاب میں ڈپٹی کمشنر اشوک کمار شرما نے دی پریم راوت فاؤنڈیشن اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی کا اصل معیار اس کے پیغام کو عملی زندگی میں اپنانا ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ امن، باہمی احترام، انسانی وقار اور مثبت اقدار کو اپنی روزمرہ زندگی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا حصہ بنائیں تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کو فروغ دیا جا سکے۔