جموں// عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں پورے جموں صوبہ میںتقاریب کا اہتمام ہو اجس دوران مقررین نے حقوق نسواں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے خوشحال معاشرہ کی تعمیر میں خواتین کے رول کو اجاگر کیا۔
ڈوڈہ
نامہ نگار اشتیاق ملک کے خواتین کے عالمی دن پر ڈوڈہ ضلع کے مختلف مقامات پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس دوران مقررین نے حقوق نسواں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے موجودہ دور میں خواتین پر گھریلو تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کو افسوسناک قرار د یا۔ضلع صدر مقام پر سب سے بڑی تقریب اے ڈی سی کشوری لال کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں سونالی ڈئفوڈے نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے خواتین کے حقوق پر روشنی ڈالتے ہوئے حکومت کی جانب سے چلائی جارہی مختلف سکیموں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ادھرضلع لیگل سروسز اتھارٹی کی جانب سے کورٹ کمپلیکس بھدرواہ میں یوم خواتین کے موقع پر ایک تقریب زیر صدارت چیرمین ڈی ایل ایس اے، پرنسپل و سیشن جج اشوک کمار شوان منعقد ہوئی۔انہوں نے مختلف شعبوں میں خواتین کے رول کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سماج کے ہر شعبہ میں انہوں نے اپنا لوہا منوایا ہے ۔
کشتواڑ
نامہ نگار عاصف بٹ کے مطابق ضلع کشتواڑ میں خواتین کا عالمی دن پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما کی صدارت میں آشیانہ بوائز ہوسٹل میں سوشل ریفارم اور چیرٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام تقریب کااہتمام کیاگیا جہاں مقررین نے معاشرے میں عورت کے مختلف پہلوؤں اور کرداروں پر روشنی ڈالی جبکہ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قانونی ماہرین نے خواتین کے مختلف قانونی اور آئینی حقوق کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر کشتو بچیوں کے ذریعہ خصوصی ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔ پروگرام کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد سکیموں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے معاشرے اور کنبہ کی تنظیم نو پر بھی زور دیا اور اس کے علاوہ خاندانی سطح سے ہی صنفی مساوات کو فروغ دیا تاکہ آنے والے دنوں میں انقلابی نتائج برآمد ہوسکیں۔ گورنمٹ ہائر سکینڈری سکول کشتواڑ میں ایک پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا جہاں طالبات نے رنگوں کے ذریعے یوم خواتین کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ ڈگری کالج میں بھی اس دن کی مناسبت سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا وہیں ضلع بھر کی تمام پنچایتوں میں خصوصی گرام سبھائوں کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین کی مخصوص سکیموں کے بارے میں آگاہی دلائی گئی۔اس دوران فوج نے مغل میدان ، نواپچی، چھاترو و چنگام علاقوں میں عالمی یوم خواتین دن کے موقع پر متعدد سرگرمیاں انجام دی۔ اس موقعہ پر 267 لڑکیوں نے کئی طرح کی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے جن میں نوکڈناٹک ، بیڈ منٹن ، کھو کھو اور مباحثہ شامل ہیں
پونچھ
نامہ حسین محتشم کے مطابق گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ میں یوم خواتین منایا گیا جس کا افتتاح ایس ایس پونچھ رمیش کمار انگرال نے شمع روشن کر کے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خواتین کا احترام مرد حضرات سے ہی شروع کیا جائے اور اس دن کو منانے کا اصل مقصد بھی مرد کے مظالم کے خلاف خواتین کو بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا احترام نہ کرنے پر سماج کو نشانہ بنانے سے پہلے ہمیں اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھنا چاہئے کہ ہم کس قدر خواتین کا احترام کررہے ہیں۔مہمان خصوصی ایس ایس پی پونچھ نے کہا کہ دختر کشی کے کئی واقعات تعلیم یافتہ افراد کی جانب سے ہی پیش آرہے ہیں جو شرمناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے اور خود کفیل زندگی گزارنے کے لئے بے شمار اسکیموں کو لاگو کیاگیا ہے خواتین کو ان سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔اس دوران پروفیسر رانی مغل نے اور کالج کے طلبہ وطالبات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیگر مذاہب کی طرح مذہب اسلام نے بھی عورت کی پیدائش پر جنت کی خوشخبری دی گئی، اس کی پرورش کرنے والے کو جنت کا مستحق قرار دیا گیا۔
منجاکوٹ
نامہ نگار پرویز خان کے مطابق تحصیل منجاکوٹ میں بھی خواتین کا عالمی دن جوش و خروش سے منایا گیا۔اس موقع پر تحصیل انتظامیہ منجاکوٹ نے خواتین کی ریلی کا اہتمام کیا جہاں خواتین کے حقوق کے پیغام کو عام کرنے کے لئے "ہر ایک اور مساوی" کے مرکزی خیال، موضوع کے ساتھ خواتین کی طاقت اور بہتری کے ساتھ ساتھ بیٹی پڑھاو بیٹی بچاؤ کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ریلی کا آغاز منجاکوٹ بازار سے ہوا اور گورنمنٹ ہائی سکول منجاکوٹ میں اختتام پزیر ہوئی ۔منجاکوٹ ہیڈکوارٹر کے علاوہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول دھیری رلیوٹ میں آرمی کی طرف سے پروگرام منعقد کیا گیا اور بچوں کو انعامات بھی تقسیم کئے گئے اور منگلناڑ میں بھی آرمی کی جانب سے پروگرام میں بچوں میں انعامات تقسیم کیے گے۔