محمد تسکین
بانہال/سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) بانہال نے سب ضلع ہسپتال بانہال میں مریضوں کو مبینہ طور پر نجی میڈیکل شاپس، ڈائیگناسٹک لیبارٹریوں اور دیگر نجی طبی اداروں کی جانب راغب کرنے کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ایس ڈی ایم دفتر کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق شکایات موصول ہوئی تھیں کہ بعض افراد ہسپتال کے اندر اور اطراف میں موجود رہ کر مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو مخصوص نجی طبی اداروں کی خدمات حاصل کرنے پر آمادہ کر رہے ہیں، جو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ شکایت کی ابتدائی جانچ کے لیے معاملہ بلاک میڈیکل آفیسر (بی ایم او) بانہال کے سپرد کیا گیا تھا، جنہوں نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں معاملے کی تفصیلی تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا۔
تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی سربراہی تحصیلدار بانہال کریں گے، جبکہ بلاک میڈیکل آفیسر بانہال، نائب تحصیلدار (ہیڈکوارٹر) بانہال اور ایس ایچ او پولیس اسٹیشن بانہال اس کے اراکین ہوں گے۔
کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام حقائق کا باریک بینی سے جائزہ لے اور سی سی ٹی وی فوٹیج، ہسپتال کا ریکارڈ، وزیٹر رجسٹر، شکایت کنندگان، گواہوں اور متعلقہ افراد کے بیانات سمیت تمام دستیاب شواہد کی بنیاد پر تحقیقات مکمل کرے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر تحقیقات کے دوران کوئی فرد یا ادارہ مریضوں کو بہکانے، غیر مجاز مداخلت کرنے یا کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف مناسب قانونی اور انتظامی کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔
ایس ڈی ایم بانہال نے تحقیقات مکمل ہونے تک بلاک میڈیکل آفیسر اور ایس ایچ او بانہال کو ہسپتال کے احاطے میں سخت نگرانی رکھنے اور اس نوعیت کی کسی بھی سرگرمی کی روک تھام کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی کو حکم نامہ جاری ہونے کی تاریخ سے سات روز کے اندر اپنی تفصیلی رپورٹ ایس ڈی ایم بانہال کے دفتر میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سب ضلع ہسپتال بانہال میں مریضوں کو نجی اداروں کی جانب راغب کرنے کے الزامات، ایس ڈی ایم نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی