عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کی وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ مسعود ایتو نے آؤٹ سورسنگ کے معاملے پر سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کی معلومات پر افسوس ہوتا ہے۔
سرینگر کے ایس کے آئی سی سی (SKICC) میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ اتنے اہم آئینی عہدے پر فائز رہنے کے باوجود محبوبہ مفتی کو بھرتیوں کے عمل کے بارے میں درست معلومات نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ سرکاری ملازمتیں پبلک سروس کمیشن (PSC) کے بجائے آؤٹ سورسنگ کے ذریعے دی جا رہی ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ آؤٹ سورسنگ کو مستقل سرکاری ملازمت قرار نہیں دیا جا سکتا۔
سکینہ ایتو نے کہا، “میں چاہتی ہوں کہ محبوبہ مفتی اس حقیقت کو سمجھیں، آگاہ ہوں اور جانیں کہ آؤٹ سورسنگ مستقل تقرری نہیں ہوتی۔”
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ آؤٹ سورسنگ کے ذریعے عملہ سمگرا شکشا (Samagra Shiksha) اور مشن واتسالیہ (Mission Vatsalya/ICPS) جیسی مرکزی معاونت یافتہ اسکیموں کے تحت تعینات کیا جاتا ہے، اور اسے مستقل سرکاری بھرتیوں کے ساتھ جوڑنا درست نہیں ہے۔
آؤٹ سورسنگ معاملہ: سکینہ ایتو کا محبوبہ مفتی پر سخت ردعمل