عظمیٰ نیوزسروس
جموں// امرناتھ یاترا 2026 کے پیش نظر جموں خطے میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھتے ہوئے جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں پولیس، نیم فوجی دستوں اور فوج کی جانب سے وسیع پیمانے پر سکیورٹی مشقیں، تلاشی آپریشن اور تعیناتی کی ریہرسل انجام دی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یاترا کو محفوظ، پُرامن اور کامیاب بنانے کے لیے ایک مضبوط اور کثیر سطحی سکیورٹی نظام قائم کیا گیا ہے۔جموں ضلع میں پولیس نے سرحدی علاقوں اور حساس مقامات پر بڑے پیمانے پرتلاشی و محاصرہ آپریشن چلایا۔ آر ایس پورہ سب ڈویژن کے چکروئی علاقے میں ضلع پولیس، بی ایس ایف کی 165 بٹالین اور سی آئی ایس ایف کی 262 بٹالین نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے متعدد مقامات کی تلاشی لی۔ اس دوران مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد کے گھروں، جورا فارم گاؤں کے مکانات، ایک متروک عمارت اور نالوں و کھائیوں کے اطراف کے علاقوں کی بھی تلاشی لی گئی۔اسی طرح نگروٹہ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں آنے والے کتل بٹال، تہرا اور بجالتہ ریلوے سٹیشن کے علاقوں میں جموں پولیس اور سی آر پی ایف کی 222بٹالین نے مشترکہ سرچ آپریشن انجام دیا۔ قومی شاہراہ، یاترا روٹ اور ریلوے سٹیشن کے اطراف خصوصی نگرانی کی گئی تاکہ یاتریوں اور عام شہریوں کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنایا جا سکے۔ادھر ضلع سانبہ میں پولیس نے یاترا کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے قومی شاہراہ پر جامع تعیناتی ریہرسل منعقد کی۔ اس مشق میں سانبہ پولیس، مرکزی نیم فوجی دستوں، آرمڈ پولیس اور فوجی اہلکاروں نے حصہ لیا۔ یہ مشق تپیال گھگوال سے بالول پل اور بڑی برہمناں تک قومی شاہراہ کے پورے حصے میں انجام دی گئی۔ایس ایس پی سانبہ نے تعینات اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ ہائی وے پر ناکہ پوائنٹس پر چوکسی برقرار رکھیں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔ انہوں نے قومی شاہراہ پر مناسب وقفوں سے ریت سے بھرے مورچے قائم کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ یاتریوں کی سہولت کے لیے ضلع کے داخلی مقامات اور دیگر اہم جگہوں پر خیرمقدمی اور معلوماتی بینرز نصب کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔کٹھوعہ ضلع میں ایس ایس پی موہیتا شرما نے یاترا روٹ، لکھن پور استقبالیہ مرکز اور موگا لنگر مقام کا دورہ کرکے سکیورٹی اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس اور سی اے پی ایف اہلکاروں سے ملاقات کرکے انہیں سکیورٹی پروٹوکول، چوکسی اور آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ایس ایس پی کٹھوعہ نے کہا کہ اس سال اضافی پولیس اور نیم فوجی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ نگرانی کے جدید آلات اور اینٹی ڈرون نظام بھی استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔ قومی شاہراہ، ریلوے تنصیبات اور سرحدی علاقوں میں کثیر سطحی سکیورٹی گرڈ قائم کیا گیا ہے جبکہ دراندازی کے روایتی راستوں پر سخت نگرانی اور اضافی تعیناتی کے ذریعے سکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔حکام کے مطابق جموں و کشمیر پولیس، مرکزی نیم فوجی دستے، فوج، سول انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی تال میل کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ امرناتھ یاترا کو پُرامن، محفوظ اور کامیاب بنایا جا سکے۔ پولیس نے مقامی لوگوں سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ یاترا کے دوران امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔