بانہال/محمد تسکین/ جموں سرینگر شاہراہ موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے کئی مقامات پر گر آئی پسیوں اور پتھر لڑھکنے سے دوسرے روز بھی بند رہی۔بدھ کو بھی شاہراہ بند رہے گی۔شاہراہ بند ہونے سے سینکڑوں مال بردار گاڑیاں درماندہ ہیں۔شاہراہ پیر کی دوپہر بعد ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی تھی اور جموں سے وادی کشمیر کی طرف آنے والے ٹریفک کا ایک بڑا حصہ شاہراہ کے متعدد مقامات پر درماندہ ہوکر رہ گیا تھا۔ڈی ایس پی ٹریفک رام بن پارول بھاردواج نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر کی شام دیر تک رام بن اور بانہال کے درمیان سینکڑوں کی تعداد میں درماندہ ٹریفک کو مشکل سے نکال دیا گیا تھا لیکن مزید پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ بند ہوئی اور سینکڑوں گاڑیاں رام بن اور ادہمپور کے درمیان کئی مقامات پر درماندہ ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث کیفٹیریا موڑ رام بن ، ماروگ ، منکی موڑ ، پنتھیال، شیر بی بی اور شابن باس سمیت نصف درجن سے زائد مقامات پتھروں اور پسیوں کی زد میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلسل بارشوں اور گرتے پتھروں کی وجہ سے شاہراہ پر سفر کرنا خطرناک ہوسکتا ہے اور مسافروں کو محکمہ ٹریفک سے شاہراہ کے حوالے سے جانکاری حاصل کرنے کے بغیر سفر سے اجتناب کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد مقامات پر گر آئی پسیوں کو صاف کرنے کا کام فورلین تعمیراتی کمپنی کی مشینری نے منگل کو کئی بار شروع کرنے کی ناکام کوشش بھی کی۔ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے 300کے قریب گاڑیاں درماندہ ہوگئیں ہیں اور درجنوں مسافروں نے رام بن اور بانہال کے درمیان پیدل سفر طے کیا۔ راجوری اور پونچھ اضلاع کے کئی پیدل چل رہے نوجوانوں نے بتایا کہ وہ فوج میں بھرتی کے سلسلے میں سرینگر جارہے تھے اور انہیں رام بن اور بانہال کے درمیان قریب تیس کلومیٹر کا سفر پیدل ہی طے کرنا پڑا ہے۔ ادھرجواہر ٹنل ، بانہال اور اس کے پہاڑی علاقوں بشمول مہومنگت میں تازہ برفباری ہوئی ۔