مینڈھر //مینڈھر قصبہ کے حکم موڑ علاقہ سے گھوڑا والی بنی علاقہ میں جانے والی رابطہ سڑک گزشتہ 14برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو دوران آمد ورفت مسائل درپیش ہیں ۔عام لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ 1.5کلو میٹر سڑک کی تعمیر کا عمل 2007میں شروع کیا گیا تھا لیکن زمینی کٹائی کے بعد سڑک کو ایک لمبے عرصہ تک یوں ہی چھوڑدیا گیا جس کی وجہ سے لوگوں کی زمینی و رہائشی مکانات کو نقصان پہنچاتا رہا تاہم 7ماہ قبل سڑک کو ایک 6سو میٹر حصے پر محکمہ کی جانب سے تار کول بچھایا گیا تھا جو انتہائی غیر معیاری ہونے کی وجہ سے علاقہ میں ہوئی بارشوں کے پانی میں ہی بہہ گیا ہے ۔مقامی سرپنچ نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے پوری طرح سے غیر سنجیدہ اور غیر معیاری کام کیا گیا جس کی وجہ سے تار کول اور بچھائی گئی بجری بارش کے پانی میں ہی بہہ کر سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تار کول بچھانے کے دوران محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے اعلیٰ آفیسران سے رابطہ کیا گیاتھا لیکن انہوں نے صرف یقین دہانیاں کروا کر سرکاری فنڈز ضائع کئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کے کنارے ابھی تک نہ تو حفاظتی باندھ تعمیر کئے گئے ہیں اور نہ ہی نالیوں کا کوئی بندوبست ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ غیر معیاری تار کول بچھانے کی تحقیقات کروا کر پرو جیکٹ کو جلدازجلد مکمل کروایا جائے ۔