عظمیٰ نیوزسروس
جموں //نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے کہا کہ این ایچ 144 اے پر جموں ۔ اَکھنور فور لین پروجیکٹ ترقی یافتہ مرحلے میں ہے اور باقی کاموں کو مرحلہ وار مکمل کرنے کا ہدف جون 2026تک ہے۔نائب وزیر اعلیٰ قانون ساز اسمبلی میں رُکن اسمبلی موہن لال کی طرف سے اُٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے رہے تھے۔اُنہوں نے پروجیکٹ کی تکمیل کے بارے میں بتایا کہ پیکیج I ممکنہ طور پر 31 مارچ 2026 تک مکمل ہو جائے گا جبکہ پیکیج II پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے ۔ پیکیج IIIA 30 اپریل 2026 ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے اور پیکیج IIIB 31 جولائی 2026 ء تک مکمل ہوجائے گا ۔نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ بعض پیکیجوں کی تکمیل میں تاخیر کی وجوہات میں یہ بھی شامل ہے کہ پروجیکٹ کا راستہ جموں شہر کے گنجان آباد شہری علاقوں سے گزرتا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جامنگ ، کام کے اوقات میں پابندیاں ، ٹریفک ریگولیشن کے اقدامات اور نہر کی ڈائیورژن ورکس کی وجہ سے بار بار رُکاوٹیں پیش آئیں ۔اِس کے علاوہ اُنہوں نے کہا کہ سست پیش رفت ، وسائل کی ناکافی موبلائزیشن اور کچھ تکنیکی رُکاوٹوں کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ غیر موسمی بارش نے بھی تعمیراتی سرگرمیوں پر منفی اثر ڈالا ہے ۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ معاوضے کی اَدائیگی میں تاخیر ، قبضوں کو ہٹانے اور یوٹیلیٹیز کی منتقلی نے مجموعی طور پر ٹائم لائن میں تاخیر کا باعث بنا ہے ۔