جموں //مشتاق دربھنگوی کے اخبار مشرق سے سبکدوش ہونے پر ’’بزم بہاراں‘‘ کی جانب سے ایک الوداعی شعری نشست کا اہتمام بزم کی سکریٹری رونق افروز کے دولت کدہ پر کیا گیا۔ اس کی صدارت معروف شاعر جناب امان اللہ ساغر نے کی جبکہ نظامت کے فرائض بزم کی سکریٹری رونق افروز نے انجام دیئے۔ مہمان ذی وقار کی حیثیت سے مشتاق دربھنگوی نے شرکت کی جبکہ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے محمد ایاز خان اور اظہار کریم شریکِ بزم ہوئے۔اس موقع پر رونق افروز نے مشتاق دربھنگوی کوایک خوبصورت تحفے سے نوازا۔ اپنا کلام پیش کرنے سے قبل جنا ب پرویز اختر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشتاق دربھنگوی منکسر المزاج،وسیع الظرف،کشادہ قلب ،خوش اخلاق اور جفاکش شاعر ہیں۔ کلکتہ میں 28 سالہ قیام کے دوران ادبی حلقوں میں انہوں نے اپنی ایک الگ شناخت بنائی اور لوگوں سے اپنے تعلقات استوار رکھے۔ اس نشست میں جن شعرائے کرام نے اپنے اشعار سے سامعین کو محظوظ کیا اُن میں محمد ایاز خان، رونق افروز، مشتاق دربھنگوی، پرویز اختر، صدر مشاعرہ امان اللہ ساغر، قمر الدین قمر، اظہار کریم اور محترمہ فوزیہ اختر ردا کے نام قابل ذکر ہیں۔ آخر میں مہمان خصوصی اظہار کریم نے نشست میں پڑھے گئے تمام شعراء کے کلام پر سیر حاصل گفتگو کی۔ رات دس بجے یہ نشست کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔