محمد تسکین
بانہال/پردھان منتری آواس یوجنا۔ گرامین (PMAY-G) کے تحت بانہال بلاک میں مستحقین کے انتخاب میں مبینہ بے ضابطگیوں اور اقربا پروری کے الزامات کے بعد ضلع انتظامیہ رامبن نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے یوتھ لیڈر اور سماجی کارکن الیاس بانہالی نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ دیہی ترقی بانہال کے بعض اہلکاروں نے مستحق غریب خاندانوں کو نظر انداز کرتے ہوئے مبینہ طور پر ناانصافی، اقربا پروری اور بدعنوانی کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی ایسے خاندان، جن کی تمام کاغذی کارروائیاں مکمل تھیں، انہیں رہائشی مکانات کی فہرست سے خارج کر دیا گیا، جبکہ مبینہ طور پر غیر مستحق اور بااثر افراد کو فائدہ پہنچایا گیا۔
الیاس بانہالی نے مطالبہ کیا کہ پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے حقیقی مستحقین کو انصاف فراہم کیا جائے۔
عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ (ACD) رامبن شیراز احمد چوہان نے بانہال بلاک میں پی ایم اے وائی۔ گرامین کے تحت سروے اور مستحقین کی فہرستوں میں مبینہ خامیوں کی جانچ کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
کمیٹی میں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر بانہال، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کھڑی اور اسسٹنٹ انجینئر رولر انجینئرنگ ونگ سب ڈویژن بانہال شامل ہیں۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پانچ دن کے اندر اپنی تفصیلی رپورٹ اور سفارشات پیش کرے۔
حکام کے مطابق اگر تحقیقات میں کسی اہلکار کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزی یا مستحقین کی فہرست میں غیر قانونی ردوبدل ثابت ہوا تو ذمہ داروں کے خلاف مناسب کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔
ادھر دفتر بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر بانہال نے آواس پلس 2.0 کے تحت تیار کی گئی ڈرافٹ پرمننٹ ویٹنگ لسٹ (PWL) کی دوبارہ تصدیق کے لیے پنچایت وار شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق بانہال بلاک کی 24 پنچایتوں میں یکم جولائی سے 5 جولائی 2026 تک فیلڈ ویریفکیشن مکمل کی جائے گی۔
دوبارہ تصدیق کے دوران غیر مستحق خاندانوں کے نام قواعد کے مطابق حذف کیے جائیں گے، جبکہ غلطی سے خارج ہونے والے حقیقی مستحقین کو فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ عوامی شکایات کے ازالے، گرام سبھا کی کارروائی اور دیگر ریکارڈ کو شفاف انداز میں محفوظ رکھنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
الیاس بانہالی اور دیگر مقامی سماجی کارکنوں نے انتظامیہ کی جانب سے فوری کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ تحقیقات شفاف انداز میں مکمل ہوں گی اور حقیقی غریب خاندانوں کو ان کا جائز حق ملے گا۔
بانہال میں پردھان منتری آواس یوجنا میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم، پانچ روز میں رپورٹ طلب