محمد تسکین
بانہال // دو جولائی سے شری امرناتھ جی یاترا کے آغاز کے پیش نظر ٹریفک حکام نے جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت کو منظم کرنے کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے۔
جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق یکم جولائی 2026 کو شام 7 بجے کے بعد قاضیگنڈ سے جموں کی سمت اور جکھینی (ادھمپور) سے سرینگر کی سمت بھاری موٹر وہیکلز (HMVs) کی آمدورفت کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم ہلکی موٹر گاڑیوں (LMVs) کو رات 11 بجے تک چلنے کی اجازت دی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق 2 جولائی کو یاترا قافلے کی نقل و حرکت کے بعد، جموں سے اپ ڈائریکشن میں چلنے والی چھوٹی نجی اور مسافر گاڑیوں کو نگروٹہ (جموں) سے ادھمپور کی طرف اس وقت جانے کی اجازت دی جائے گی جب یاترا قافلے کا آخری حصہ جکھینی (ادھمپور) کو عبور کر جائے گا۔
اسی طرح کشمیر سے ڈاؤن ڈائریکشن میں LMVs، نجی گاڑیوں اور HPSVs کو قاضی گنڈ سے جموں کی طرف اس وقت اجازت دی جائے گی جب بالتل یاترا قافلے کا آخری حصہ ماروگ رامبن سے گزر جائے گا۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہونے والی ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق سفر کی منصوبہ بندی کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بھاری گاڑیوں (HMVs) کی آمدورفت ٹریفک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف متبادل دنوں میں اجازت کے ساتھ ہوگی۔ یاترا کے دوران قاضیگنڈ یا جکھینی سے شام 7 بجے کے بعد کسی بھی بھاری گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ٹریفک حکام نے تازہ پھل، خراب ہونے والی اشیاء اور مویشی لے جانے والی گاڑیوں کے مالکان کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی نقل و حرکت اسی حساب سے ترتیب دیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ مقررہ کٹ آف اوقات کے بعد جموں و کشمیر کے اندر مقامی آمدورفت صرف درست فوٹو شناختی کارڈ کی جانچ کے بعد ممکن ہوگی، اس لیے مسافروں کو سفر کے دوران شناختی دستاویزات ساتھ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں اور شری امرناتھ جی یاترا 2026 کو محفوظ اور کامیاب بنانے کے لیے ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
امرناتھ یاترا کے پیش نظر یکم جولائی کی شام سے جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر بڑی مال گاڑیوں کی آمدورفت محدود