عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ جموں و کشمیر حکومت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ کشمیر کے اسکولوں میں یکم جولائی سے گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
سینئر سرکاری حکام نے واضح کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے ابھی تک گرمیوں کی تعطیلات کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام، طلبہ اور والدین سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر بھروسہ کریں۔
کمشنر سیکریٹری، محکمہ اسکولی تعلیم و اعلیٰ تعلیم، رام نیواس شرما نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کشمیر کے اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات شروع کرنے کے بارے میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
ادھر محکمہ تعلیم کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے یکم جولائی سے وادی کشمیر میں بارشوں اور موسم خوشگوار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث فوری طور پر گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ نے احتیاطی طور پر جولائی کے دوسرے ہفتے میں گرمیوں کی تعطیلات شروع کرنے کی ایک عارضی تجویز زیر غور رکھی ہے، تاہم حتمی تاریخ کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے۔
یکم جولائی سے کشمیر کے اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کی خبریں بے بنیاد، حکومت کی وضاحت