بانہال// ایک لمبے عرصے کے بعد بانہال سے میاں بیوی کے کووڈانیس نمونے مثبت آئے ہیں۔ مثبت آئے دو افراد میں سے شوہر دکاندار ہے جبکہ انکی اہلیہ ہائیر سیکنڈری سکول ٹھٹھاڑ میں ٹیچر ہے اور ان کا تعلق بانہال کے نوگام سے ہے۔ کووڈ انیس کے نتائج مثبت آنے کے بعد ہائر سیکنڈری سکول ٹھٹھاڑ کو آئندہ تین روز تک بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور تحقیق کے بعد سٹاف اور طالب علموں کے نمونے لئے جائینگے۔ ہسپتال ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مثبت آئے شخص کو مزید علاج و معالجہ کیلئے بانہال ہسپتال سے امراض چھاتی ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا ہے جبکہ سکول انتظامیہ سے تعلیمی ادارے کو بند رکھنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے اس سلسلے میں ایک ٹویٹ کے ذریعے لوگوں کو احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ صدر بیوپار منڈل بانہال نصیر احمد وانی نے بھی ایک بیان میں قصبہ بانہال کے دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط سے کام لیں اور سماجی دوری ، ماسک اور سینیٹائرر کا استعمال یقینی بنائیں۔