جموں//آر ایس پورہ کے قریب ایک گوجر بستی میں لگی آگ میں 40کلے جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ بڈیال براہمناں کے ٹبہ علاقہ میں اتوار کی صبح سحری کے ٹائم آگ لگ گئی جو آنا ً فاناً پورے علاقہ میں پھیل گئی اور گوجروں کے 40کلے مال و اسباب سمیت جل کر خاک کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد5فائر ٹینڈر آگ بجھانے کے لئے لگائے گئے لیکن جب تک آگ بجھائی جاتی ، یہ کلے پوری طرح راکھ ہو چکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک آگ لگنے کی وجوہات کا خلاصہ نہیں ہو سکا ہے پولیس تحقیقات کر رہی ہے ۔ اس دوران سی آر پی ایف نے تریکوٹہ ہلز میں لگی آگ کو بجھا دیا ہے جس سے ویشنو دیوی گپھا کو جانے والی یاترا بلا روک ٹوک چل رہی ہے ۔
میاں الطاف کا متاثرین سے اظہار ہمدردی
کنگن//ارشاد احمد// نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنمااور ممبر اسمبلی کنگن نے جموں ڈویژن کے رنبیر سنگھ پورہ میں آگ کی ایک واردات میں بڑے پیمانے پر ہوئے نقصان پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔سنیچر کی شام جموں کے رنبیر سنگھ پورہ علاقے میں بڑے پیمانے پر آگ کی ایک واردات میںگجر بستی تبہ علاقے کے بادیال براہمنا میں 40 سے زائد رہایشی کوٹھے خاکسترہوگئے۔میاں الطاف نے کہا کہ اس واردات میں درجنوں مویشی بھی زندہ جل گئے ہیں۔انہوں نے ریاستی حکومت سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری اور معاوضہ ادا کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔