عظمیٰ نیوز سروس
جموں// ڈپٹی کمشنر اسٹیٹ ٹیکسز جموں، سپنا کوتوال نے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پرانے جی ایس ٹی، وی اے ٹی اور نئے جی ایس ٹی نظام کے تحت سرکاری بقایاجات کی وصولی کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں محصولات کی وصولی کے عمل کو مزید مؤثر اور تیز بنانے کے لیے مختلف امور پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران گزشتہ دو ماہ میں وصولی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سپنا کوٹوال نے جموں و کشمیر کے اندر اور بیرونِ ریاست بقایاجات کی وصولی میں حاصل ہونے والی نمایاں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ریکوری ونگ کے افسران اور اہلکاروں کی محنت، لگن اور ذمہ دارانہ خدمات کو سراہا۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وصولی کی رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے بقایا جات کی وصولی کی مہم مزید تیز کی جائے، زیر التوا مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور سرکاری واجبات کی وصولی کے لیے مؤثر، نتیجہ خیز اور قانون کے مطابق حکمت عملی اختیار کی جائے۔
سپنا کوتوال نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام وصولی کارروائیاں متعلقہ ٹیکس قوانین کی دفعات کے مطابق انجام دی جائیں اور پورے عمل میں شفافیت، جوابدہی اور پیشہ ورانہ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے جموں و کشمیر سے باہر متعلقہ محکموں اور اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت دی تاکہ بین الریاستی سطح پر بقایاجات کی وصولی کے عمل میں مزید بہتری لائی جا سکے۔اجلاس میں بین الریاستی رابطے کو مضبوط بنانے، زیادہ مالیت والے بقایاجات کے مقدمات کی مسلسل نگرانی، فالو اَپ نظام کو مؤثر بنانے اور مقررہ مدت کے اندر زیادہ سے زیادہ وصولی کو یقینی بنانے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں راجیش شرما ،سباش چندر بارو ،رویندر موہن پال، ریتا شرما، سمیع اللہ ملک ،آشیش برونو کھوکھر، وید پرکاش، اویناش ڈوگرا، لیاقت علی اور دیپک سنگھ (سب انسپکٹرز) نے بھی شرکت کی۔