عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جمعہ کو امرناتھ یاترا کے 4600 سے زائد یاتریوں کا ایک نیا جھتہ یہاں بھگوتی نگر یاتری نواس بیس کیمپ سے جنوبی کشمیر کے ہمالیہ میں واقع غار کے دونوں بیس کیمپوں کے لیے روانہ ہوا۔حکام نے بتایا کہ آج صبح سویرے 4640 زائرین ہلکی اور بھاری موٹر گاڑیوں سمیت 171 گاڑیوں کے قافلے میں جموں بیس کیمپ سے روانہ ہوئے۔
اس جھتے میں بالتل کے لیے 1626 اور پہلگام کے لیے 3014 زائرین شامل تھے جو کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کے تحت روانہ ہوئے۔ شہری انتظامیہ، پولیس، سکیورٹی فورسز اور شری امرناتھ شرائن بورڈ کی جانب سے مربوط انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یاترا کو محفوظ اور پرامن طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔امرناتھ یاترا نے محض 14 دنوں میں 3 لاکھ کا ہندسہ عبور کر کے ایک نیا تاریخی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
جموں و کشمیر انتظامیہ نے زائرین سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ وہ صرف تصدیق شدہ رجسٹریشن اور یاترا کی مقررہ تاریخ پر ہی سفر کریں کیونکہ کسی بھی غیر رجسٹرڈ زائر کو بیس کیمپوں کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 2 جولائی کو جموں سے یاترا کے پہلے جھتے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔
امرناتھ یاترا کے 4600 سے زائد یاتریوں کا نیا جھتہ جموں سے روانہ