عظمیٰ نیوز سروس
کٹرہ// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو ضلع ریاسی میں تریکوٹہ پہاڑیوں پر واقع عالمی شہرت یافتہ شری ماتا ویشنو دیوی کے مقدس دربار میں حاضری دے کر مذہبی رسومات ادا کیں اور جموں و کشمیر سمیت پورے ملک میں امن، بھائی چارے، خوشحالی، عوام کی بہتر صحت اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔لیفٹیننٹ گورنر اپنے دورہ جموں کے سلسلے میں شری ماتا ویشنو دیوی بھون پہنچے، جہاں انہوں نے عقیدت و احترام کے ساتھ درشن کیے اور ماتا رانی کے آستانے پر حاضری دی۔ اس موقع پر شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں کے لیے دستیاب سہولیات، صفائی، سیکورٹی اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔قابل ذکر ہے کہ منوج سنہا ان دنوں جموں خطے کے دورے پر ہیں۔ بدھ کے روز انہوں نے جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس کا دورہ کرکے جاری شری امرناتھ یاترا کے لیے کیے گئے انتظامات، رہائش، طبی سہولیات، ٹریفک، سیکورٹی، صفائی اور دیگر بنیادی خدمات کا تفصیلی معائنہ کیا تھا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی تھی کہ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ یاترا خوش اسلوبی سے جاری رہ سکے۔دریں اثنا، بابا امرناتھ جی اور بوڑھا امرناتھ یاتری نیاس کے ایک وفد نے، جس کی قیادت تنظیم کے صدر پون کوہلی کر رہے تھے، راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جموں و کشمیر میں مذہبی سیاحت کے فروغ، یاتریوں کے لیے بنیادی سہولیات میں مزید بہتری، مختلف مذہبی مقامات کی ترقی اور آئندہ بوڑھا امرناتھ یاترا کے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو بوڑھا امرناتھ یاترا سے متعلق مختلف انتظامی اور سہولتی امور سے بھی آگاہ کیا اور حکومت سے ضروری تعاون کی درخواست کی تاکہ یاترا پرامن اور منظم انداز میں منعقد ہو سکے۔بعد ازاں آل انڈیا مسیح سیوا دل کے ایک وفد نے، جس کی قیادت کیمرس ڈیوڈ کر رہے تھے، لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی۔ وفد نے مسیحی برادری کی فلاح و بہبود، سماجی ترقی، تعلیمی و رفاہی سرگرمیوں اور دیگر عوامی مسائل سے متعلق مختلف امور ان کے سامنے پیش کیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفود کی باتیں غور سے سنیں اور یقین دلایا کہ حکومت تمام مذہبی برادریوں کے مسائل کے حل، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ، مذہبی سیاحت کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں مذہبی مقامات نہ صرف عقیدت کا مرکز ہیں بلکہ سیاحت، معیشت اور مقامی روزگار کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان مقامات کی ترقی اور یاتریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔