محمد تسکین
بانہال/جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر ضلع رام بن کے رامسو علاقے میں گنگرو کے قریب ہفتہ کی علی الصبح ایک چونکا دینے والے سڑک حادثے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے، جب چونے کے پتھر سے لدا ایک ٹرک گہری کھائی میں جا گرا اور آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔
پولیس کے مطابق ٹرک زیررجسٹریشن نمبر JK16A/0693 جموں سے سرینگر کی جانب جا رہا تھا کہ گنگرو کے مقام پر ڈرائیور ٹرک پر قابو کھو بیٹھا۔ ٹرک بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جا گرا اور فوراً آگ بھڑک اٹھی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن رامسو کے اہلکار، ہمالین کوئیک رسپانس ٹیم (QRT) رامسو کے رضاکار، سی آر پی ایف اہلکار اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچاؤ کارروائی شروع کی۔
حکام نے بتایا کہ جب ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں تو ٹرک مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں تھا۔ تلاش اور بچاؤ کارروائی کے دوران ڈرائیور اور کنڈکٹر کی لاشیں ٹرک کے جلے ہوئے کیبن سے برآمد کی گئیں۔ دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو چکے تھے اور ان کی لاشیں جزوی طور پر جھلسی ہوئی حالت میں ملی ہیں ۔ حادثے میں ٹرک مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
متوفین کی شناخت فوری طور پر نہیں ہو سکی ہے جبکہ ان کی شناخت قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
گانگرو رامسو کے قریب ٹرک گہری کھائی میں جا گرا، دو افراد ازجان