عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/جنوبی ضلع اننت ناگ میں پیر کے روز ایک المناک حادثے میں ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ اس کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئیں، جب ایک پرانا درخت اچانک ان پر آ گرا۔اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جنگلات منڈی سے لال چوک جانے والی سڑک پر پیش آیا، جہاں میاں بیوی سڑک کنارے پیدل جا رہے تھے کہ اچانک ایک بوسیدہ درخت جڑ سے اکھڑ کر ان پر گر پڑا، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔
مقامی لوگوں نے فوری طور پر دونوں زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود محمد رفیق خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔حادثے میں زخمی ہونے والی ان کی اہلیہ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور اسپتال میں ان کا علاج جاری ہے۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد مقامی باشندوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کے کنارے موجود پرانے اور خستہ حال درختوں کا فوری معائنہ کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ادھر حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اننت ناگ میں درخت گرنے سے شخص جاں بحق، اہلیہ شدید زخمی